• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پوری ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی کی ذمہ دارہے،خورشید شاہ

سکھر (چوہدری محمد ارشاد) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سکھر ڈویژن کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق پیٹرن ان چیف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری کسی ایک کھلاڑی پر نہیں بلکہ پوری ٹیم پر عائد ہوتی ہے۔   ورلڈ کپ میں ناکامی کھلاڑیوں اور انتظامیہ دونوں کی ناکامی ہے۔ میں کسی کھلاڑی یا آفیشل کے استعفیٰ کی بات نہیں کرتا کرکٹ بورڈ میں یا انتظامی طو رپر تبدیلی بھی پی سی بی کا اندرونی معاملہ ہے، لیکن یہ ضرور ہے کہ ہمیں اپنی کارکردگی کو مدنظررکھتے ہوئے حکمت عملی مرتب کرنی چاہیئے اور پاکستان میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہییے۔انہوں نےجنگ سے بات چیت کرتے ہوئے  کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ کرکٹ ایک کھیل ہے اور اس کھیل تک ہی رہنا چاہیے۔ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہیں۔ ون ڈے کرکٹ کے بعد اب ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ماحول کو دلچسپ اور کرکٹ کے کھیل کو تیز سے تیز تر بنا دیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں بھی کسی بھی میچ سے قبل ٹاس کی بہت زیادہ اہمیت ہے کیونکہ ٹاس جیتنے کے بعد وکٹ کی صورتحال کے مطابق ٹیم فیصلہ کرتی ہے کہ اسے پہلے بیٹنگ کرنی چاہیئے یا فیلڈنگ یہی چیز ان کی کامیابی میں بھی کردار ادا کرتی ہے۔عوام کی کھلاڑیوں سے توقعات ہوتی ہیں اور ہونی بھی چاہئیں اور کھلاڑی بھی جیتنے کے لئے پوری کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  ہم نے دنیائے کرکٹ کے تمام اعزازات حاصل کئے ہیں جس سے یہ بات واضح ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جائے اور اس کے لئے نچلی اورضلعی  سطح پر اقدامات کئے جائیں۔ تاکہ سکھر، سندھ سمیت ملک بھر کے تمام علاقوں میں نچلی سطح پر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوسکے۔
تازہ ترین