• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے قطر کا سرکاری دورہ کیا


امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے قطر کا سرکاری دورہ کیا، اس دوران انہوں نے قطری وزیر اعظم سے خصوصی ملاقات کی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور اور دو طرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیول چیف نے خطے میں سمندری تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اُجاگر کیا اور قطر کی مختلف بحری تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔

نیول بیس پہنچنے پر کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پرتپاک استقبال کیا اور چاک و چوبند دستے نے روایتی انداز میں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

نیول چیف نے میری ٹائم وارفیئر اینڈ ٹریننگ سینٹراور اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔

بعدازاں امیرالبحر نے قطر میں قائم الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کا دورہ کیا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت دیگر صحافیوں سے غیررسمی بات چیت کی۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ امیرالبحر نے اپنے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو بھی اُجاگر کیا۔

نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ملکوں بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

تازہ ترین