• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کی میزبانی میں تیسرے سالانہ فیوچر آف انویسٹمنٹ اینشی ایٹو کانفرنس کے اختتام پر 20 ارب ڈالر مالیت کے 26 سمجھوتوں کی منظوری دی گئی ہے۔

سعودی عرب کی جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام گزشتہ دنوں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقادکیا گیا،جس میں 300 عالمی وفود اور بین الاقوامی شخصیات نے شرکت کی۔کانفرنس میں 20 ارب ڈالر سے زیادہ کی مالیت کے 26 معاہدوں کا اعلان ہوا۔کانفرنس کے دوران سعودی عرب کی رئیل اسٹیٹ کمپنی اور امریکا کی ٹرپل فائیو کےدرمیان دو سمجھوتوں کی منظوری بھی دی گئی۔ اسی طرح سعودی عرب کی سمات اور امریکا کی سپر نکلر کے درمیان بھی معاہدوں کی منظوری دی گئی۔

دونوں کمپنیوں نے سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز کے نظم و نسق کے شعبوں میں تجربات کا تبادلہ، ڈیجیٹل سروسز میں صارفین کوسہولیات کی فراہمی پر اتفاق کیا ۔ٹرپل فائیو اور سعودی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے مابین دوسرے معاہدے میں ریاض کے الودیان پروجیکٹ میں سب سے بڑا ملٹی ایکٹیویٹی تفریحی شاپنگ سینٹر قائم کرنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کا اعلان کیا گیا۔ اس منصوبے میں شاپنگ مالز، واٹر پارکس، تفریحی اور کھیلوں کے مراکز، مہمان خانے اور دیگر ملٹی سروس سینٹرز شامل ہوں گے۔

سعودی عرب کی سرمایہ کاری اتھارٹی نے اس سے قبل 24 معاہدوں پر دستخط کرنے کا اعلان کیا تھا جو مستقبل میں سرمایہ کاری اقدام کے فریم ورک کے تحت روبہ عمل ہوں گے۔ معاہدوں میں دوا سازی کے شعبے، لاجسٹک، پیٹروکیمیکلز، ٹیکنالوجی، کاروباری اور سائنس تحقیقات اسٹریٹجک شعبوں، خاص طور پر توانائی اور پانی کے شعبے میں بھی بہت سی سرمایہ کاری کی سرگرمیاں شامل تھیں۔

رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک غیر ملکی سرمایہ کاری کے لائسنسوں کی تعداد 809 تھی جس میں مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شامل ہیں۔ رواں سال گذشتہ تین سہ ماہیوں کے دوران مجموعی طور پر 809 سرمایہ کاری کے لائسنس جاری کیے گئے۔ سال 2010ء کے بعد یہ سرمایہ کاری لائسنس کی ایک سال میں سب سے بڑی تعداد ہے۔

تازہ ترین