پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے سوال کیا ہے کہ نواز شریف کی صحت پیاری ہے یا مال؟، نوازشریف کی صحت پر توجہ دیں، جائیداد پر نہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام وزراء کو سختی سے کہا ہے کہ وہ نواز شریف کی صحت پر کوئی سیاست نہ کریں۔
مراد سعید نے سوال کیا کہ آپ کو نواز شریف کی صحت پیاری ہے یا ان کی دولت پیاری ہے؟
انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ نواز شریف کی دولت کے بجائے ان کی صحت پر توجہ دیں۔
وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ آپ اپنے علاج کے لیے ایک اسپتال نہ بناسکے تو ایک مزدور کا کیا ہوگا؟
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کے دونوں صاحبزادے مفرور ہیں، شہباز شریف کے داماد بھی باہر بیٹھے ہیں اور یہ سب شریف خاندان کے ہی لوگ ہی جو باہر جاکر واپس نہیں آئے۔