• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جارح مزاج ٹیسٹ اوپنر عمران نذیر نے جیو نیوز کے پروگرام ’’اسکور‘‘ میں خصوصی بات چیت کے دروان اپنے کیریئر کے کئی اہم سوالات کے جوابات دینے کے ساتھ سابق ٹیسٹ کپتان شعیب ملک سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ انہوں نے شعیب ملک کیساتھ بڑا اچھا وقت گذارا، لیکن انہیں افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جب ان پر بُرا وقت آیا، تو شعیب ملک نے اُنہیں مڑ کر بھی نہیں پوچھا، تم کس حال میں ہو۔

عمران نذیر جو آئندہ ماہ دسمبر میں 38 برس کے ہو جائیں گے، کہتے ہیں کہ اپنی بیماری کے سبب ان کی ساری جمع پونجی علاج پر خرچ ہو گئی، اس بُرے وقت میں ٹیسٹ آل راؤنڈر عبدالرزاق نے بہترین دوست کا کردار ادا کیا، انہوں نے کبھی نہیں پوچھا، پیسے کب لوٹاؤ گے، بس کہا کتنے پیسے کی ضرورت ہے، اور بھجوا دیئے۔

کپتانوں کے کپتان اظہر زیدی کا بھی خاص تذکرہ کرتے ہو ئے عمران نذیر نے بتایا کہ وہ تو ہمارے بڑے ہیں، اس برے وقت میں انہوں نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا۔

شعیب ملک نے برے وقت میں پوچھا تک نہیں، عمران نذیر
عمران نذیر جیو نیوز کے پروگرام’ اسکور‘ کے میزبان سید یحیٰ حسینی سے بات چیت کرتے ہوئے۔

پاکستان کے لیے 1999ء سے 2012ء تک 8 ٹیسٹ 79 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئینٹی کھیلنے والے عمران نذیر جو ون ڈے کر کٹ میں پاکستان کی جانب سے فخر زمان کے 210 سعید انور کے 194 کے بعد 160رنز کی اننگز کھیل کر تیسری بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین ہیں، ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کو جب میری بیماری کا پتہ چلا تو انہوں نے مجھے فون کیا اور کہا کہ میرا منیجر آپ سے رابطہ کرے گا، پھر انہوں نے جو کیا، اس کے لیے ان کا بے حد مشکور ہوں۔

عمران نذیر نے لاہور قلندرز کی انتظامیہ کے بارے میں بات کرتے ہو ئے بتایا کہ عاقب جاوید نے مجھے فون کیا کہ آپ اب کر کٹ دوبار شروع کر رہے ہیں، آئیں اور ہمارے ساتھ کام کریں۔

عمران نذیر نے لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کے بارے میں کہا کہ وہ ایک بہترین انسان ہیں، انہوں نے مجھ سے پوچھا، عمران نذیر صاحب مجھے معلوم ہے کہ آپ مالی طور پر مشکلات سے دوچار ہیں، لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم آپ کو ماہانہ قلندرز کی جانب سے معاوضہ دیں گے۔

عمران نذیر نے کہا کہ لاہور قلندرز انتظامیہ نے جس انداز میں ان کا ہاتھ پکڑا اب وہ دوبارہ اللّٰہ تعالی کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے کہ زمین پر ایسے لوگ ہیں، جن کی بدولت اب وہ دوبارہ سنبھل رہے ہیں۔

عمران نذیر کا کہنا تھا کہ اپنے اچھے وقت میں انہوں نے کبھی کسی کی مدد سے انکار نہیں کیا، ہاں اگر بھول چوک ہو گئی ہو، تو انہیں یاد نہیں، ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں اور اس عرصے میں اس کے بہترین دوست ہی اس کا سہارا بنتے ہیں، اور وہ خوش قسمت ہیں کہ عبدالرزاق، اظہر زیدی اور رانا نوید الحسن جیسے لوگ مشکل وقت میں ان کیساتھ کھڑے رہے۔

تازہ ترین