• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’احسان مانی نے پاکستان کرکٹ کو تباہ کردیا‘، عارف عباسی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف ایگزیکٹوعارف علی خان عباسی نے کہا ہے کہ احسان مانی نے پاکستان کرکٹ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹو اور 1987ء ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن عارف عباسی نے جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں سیدیحییٰ حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ کام کرنے کے طریقوں اور پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔

انہوں نے احسان مانی کو کرکٹ کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ احسان مانی اس طرح بورڈ کو چلائیں گے، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔

عارف علی خان عباسی کہتے ہیں کہ جب وہ بورڈ میں تھے، تو کراچی کی چار ٹیمیں بھی انہیں کم لگتی تھیں ،اب ان لوگوں نے چھ ٹیموں کا نظام متعارف کروا کر کرکٹرز سے روزگار چھین لیا ہے، اور لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ کرکٹ چھوڑ دیں ، یہ بہت مایوس کن ہے۔

عارف عباسی نے مزید کہا کہ انہیں تیسرے ٹی 20میں سرفراز احمد کے آؤٹ کے بعد ٹی وی پر یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ ڈائریکٹر کمرشل ٹی وی پر ڈانس کرتے دکھائی دیئے۔

انہوں نے کہا کہ احسان مانی کو اس فسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے، ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید کو فوراً بورڈ سے فارغ کر دینا چاہئے۔

انہیں حیرانگی ہے کہ ڈائریکٹر کمرشل ابھی تک بورڈ میں کیا کر رہے ہیں۔

تازہ ترین