• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی مظالم اور کرفیو کے باوجود مقبوضہ کشمیر کےعوام کے حوصلے بلند ہیں، مشتاق منہاس

لندن (جنگ نیوز) آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام نے کبھی اس کا جابرانہ قبضہ تسلیم نہیں کیا، مظالم اور کرفیو کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کو حل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاوؤن کو 108 دن ہو چکے ہیں کشمیریوں پر زندگی تنگ کر دی گئی ہے مگر ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں اس وقت نو لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج تعینات ہے جو کسی بھی علاقے میں اب تک کی سب سے زیادہ فوجی موجودگی ہے، بھار تی فوج انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے ہزاروں افراد جیلوں میں بند ہیں جبکہ لاکھوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں بھارت یکطرفہ اقدامات کے ذریعے اس کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی فوج کے ظلم و بربریت کا نوٹس لے، انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباو ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے تقسیم کشمیر کے ذریعے کشمیریوں کی جدوجہد سبوتاژکرنے کی کوشش کی مگر اسے ناکامی ہو گی۔

تازہ ترین