ابوظبی ( عبدالماجد بھٹی/نمائندہ خصوصی) ابوظبی ٹی ٹین لیگ کے سپر لیگ مرحلے کے پہلے میچ میں دکن گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو24 رنز سے ہرادیا۔ منگل کو شیخ زائد اسٹیڈیم میں دکن نے چار وکٹ پر128رنز بنائے جواب میں قلندرز کی ٹیم دووکٹ پر104 رنز بناسکی۔ قلندرز کے بیٹسمین بڑے اسکور کے تعاقب میں کسی بھی مرحلے پر میچ میں دکھائی نہیں دیئے۔ محمد شہزاد نے چھ رنز پر آسان کیچ ڈراپ ہونے کے بعد بازی پلٹ دی۔ ہم وطن مجیب کی گیند پر شہزاد کا کیچ مقامی کرکٹر سلطان احمد نے ڈراپ کیا۔ محمد شہزاد نے 21 گیندوں پر چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 57 ناٹ آئوٹ رنز بنائے ۔ شین واٹسن نے15گیندوں پر30 رنز بنائے دونوں کے درمیان26 گیندوں پر60 رنز کی شراکت نے میچ ختم کردیا۔ کمارا نے دو اوورز میں30 اور مجیب نے26 رنز دیے۔جواب میں قلندرز کی دو وکٹیں گریں۔ کپتان ڈیوڈ ملان نے25 گیندوں پر49 ناٹ آئوٹ رنز بنائے انہوں نے چار چھکے اور تین چوکے مارے لیکن وہ ہدف کے قریب نہ پہنچ سکے۔ فل سالٹ نے14گیندوں پر 25 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ سپر لیگ میں چار ٹیمیں تین تین میچ کھیلیں گی ۔ جبکہ گروپ میچوں کے پوائنٹس بھی شامل ہوں گے۔