• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف فیملی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگئی، وزیراعظم

شریف فیملی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگئی، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شریف فیملی پاکستانی عوام کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب ہوگئی ہے۔

حکومتی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے سب کو چیف جسٹس آف پاکستان کے بیان پر تبصرے سے روک دیا ہے۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، اطمینان رکھیں، پی ٹی آئی کے سارے اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس موجود ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کا لندن میں جن بیٹوں نے استقبال کیا وہ پاکستان میں اشتہاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے لندن کے جس فلیٹ میں قیام کر رکھا ہے، اس کی ملکیت وہ ثابت نہ کرسکے، شریف فیملی پاکستانی عوام کے سامنے مکمل بے نقاب ہو گئی۔

عمران خان نےاپنے ترجمانوں کو چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بیان پر تبصرے سے روکتے ہوئے کہا کہ عدالت نے جو فیصلہ دیا اسے تسلیم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو ڈاکٹرز کی رپورٹس کی بنیاد پر انسانی ہمدردی کے تحت باہر بھیجنے کی اجازت دی، نواز شریف کی صحت پر اب بھی کوئی سیاست نہیں کریں گے، لوگ خود نواز شریف کی لندن میں سرگرمیاں دیکھ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاست زندہ رکھنے کے لیے حکومت کے خلاف بیانیہ بنا رہی ہے، معیشت ٹھیک ہورہی ہے، اس لیے اپوزیشن پریشان ہے، اپوزیشن کو معلوم ہے معیشت ٹھیک ہو گئی تو ان کی سیاسی دکانیں بند ہوجائیں گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنے مؤقف اور نظریہ پر ڈٹ کر کھڑا ہوں، میں اکیلا بھی ہوا تو مافیا کا مقابلہ کروں گا، مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، وہ اب خفت مٹا رہے ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے آج ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کے 2 روز قبل دیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم طاقتوروں کا طعنہ ہمیں نہ دیں، جس کیس کا طعنہ وزیراعظم نے ہمیں دیا اس کیس میں باہر جانے کی اجازت وزیراعظم نے خود دی۔

تازہ ترین