• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی فنڈنگ کیس، روزانہ سماعت کی درخواست منظور

پی ٹی آئی فنڈنگ کیس، روزانہ سماعت کی درخواست منظور


الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لیے رہبر کمیٹی کی جانب سے دی گئی درخواست منظور کر لی۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ رضا خان نے اسکروٹنی کمیٹی کو فارن فنڈنگ کیس جلد نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ رضا خان اور رکن خیبر پختون خوا جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کی درخواست پر فیصلہ دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے ارکان نے سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ رہبر کمیٹی اکرم خان درانی نے کہا تھا کہ فیصلہ آئے گا تو پوری تحریکِ انصاف کا صفایا ہو جائے گا۔

انہوں نے پوچھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان احتساب سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ پانچ سال ہوگئے تحریک انصاف کے خلاف تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں۔

اکرم درانی نے مزید کہا کہ ہماری اپیل ہے کہ الیکشن کمیشن میں روزانہ کی بنیاد پر تحقیقات کی جائے، اس کیس میں تاخیر ملک و قوم کے لیے نقصان دہ ہے، حکومت اپوزیشن جماعتوں کے درمیان غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش نہ کرے تو اچھا ہے۔

مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے اس موقع پر عمران خان پر تاخیری حربے استعمال کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اگلے مہینے چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی کوشش کر رہی ہے کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل ختم ہوجائے تاکہ مقدمے کی کارروائی غیر مؤثر ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیئے: ’’عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں خود پیش ہوں‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی بے قصور ہے تو کارروائی خفیہ رکھنے کی درخواست کیوں کر رہی ہے؟ دوسروں کو چور کہنے والوں نے عوام کے چندے کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے، عمران نیازی اور ان کے ساتھی اس اسکینڈل میں ملوث ہیں۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی وہ جماعت ہے جس نے درجنوں بے نامی اکاؤنٹس رکھے، امریکا، یورپ، بھارت، مشرقِ وسطیٰ سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ذاتی اکاؤنٹس میں پیسے آتے تھے، فنڈنگ کیس کرپشن کی تاریخ کا میگا اسکینڈل ہے۔

پیپلز پارٹی کے نیّر بخاری نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا مطالبہ ہے کہ تحریک انصاف تلاشی دے، پانچ سال سے مقدمہ زیرِ التوا ہے، پی ٹی آئی ہر موقع پر نئی درخواست دیتی ہے۔

اے این پی کے میاں افتخار کا کہنا تھا کہ اس کیس کا فیصلہ آ جائے تو نہ عمران خان اور نہ ہی ان کی کابینہ رہے گی۔

تازہ ترین