نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے جسٹس (ر) سردار رضا نے سیکریٹر ی پارلیمانی امور کو خط لکھ دیا۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کی مدت 6 دسمبر کو مکمل ہوجائے گی۔
ذرائع پارلیمانی امور کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری پارلیمانی امور کو نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے بارے میں خط لکھ کر آگاہ کیا ہے۔
جسٹس (ر) سردار رضا نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ میری آئینی مدت 6 دسمبر کو مکمل ہورہی ہے، لہٰذا حکومت نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے اقدامات کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر نئے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ کیا گیا تو 7 دسمبر کو الیکشن کمیشن غیر فعال ہوجائے گا جبکہ الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان سے 2 ممبران پہلے ہی ریٹائر ہوچکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن، الیکشن کمشنر اور دو ممبران کمیشن کی عدم موجودگی میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ الیکشن کمشنر ضمنی الیکشن اور بلدیاتی انتخابات بھی نہیں کرا سکے گا جبکہ انتخابی فہرستوں کا معاملہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ، بلوچستان سے ممبران کی تعیناتی کے لیے اپوزیشن اور حکومت میں معاملات حل نہیں ہوسکے۔