انسانی جسم میں پانی کی ضرورت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ خون کی تشکیل اور جسم سے زہر آلود مواد کو خارج کرنے میں پانی بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ دن بھر مخصوص مقدار میں پانی پینا اگر زندگی کا معمول بن جائے تو کبھی جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ تاہم آبی بخارات نکلنے سے جب جسم بیماریوں میں جکڑ جاتا ہے تو تب ہمیں ہوش آتا ہے۔ اس دنیامیں جو بھی انسان آیاہےوہ فطرت کے کچھ طے کردہ اصولوں کا پابند ہے،جن میں سے ایک پانی پینا بھی ہے، اسی لیے اسے آبِ حیات کہا جاتا ہے۔
یہ پانی ہی ہے جو ہمارے جسم میں جاکر ہمیں مختلف عوارض سے دور رکھتا ہے۔ اسے ہم صفائی ستھرائی اور دیگر کاموں کے لیے بھی استعمال میں لاتے ہیں۔ جسم میں پانی کی کتنی مقدار موجود ہونی چاہیے؟ اسے ہم زبانِ زد عام میں ’’آبیدگی‘‘ یعنی ہائیڈریشن(Hydration) کہتے ہیں۔
کسی نارمل انسان کو روزانہ پانی کی کتنی مقدار پینا چاہیے،جس سے وہ پانی کی کمی کا شکار نہ ہواور کتنی زائد مقدار پینے سے گریز کرنا چاہیے؟ اس بات کا حساب تو ڈائٹیشن سے مشورہ کرکے لگایا جاسکتا ہے مگر یہ یاد رکھنا کہ آج کتنا پانی پی لیا، قدرے مشکل کام ہے۔
بائیوٹیکنالوجی کے اشتراک سے اب پانی کی مقدار کا تعین کرنا ایپس نے ممکن بنادیا ہے کہ آپ کے جسم کو کتنا پانی مل چکا ہے اور کتنے کی ضرورت باقی ہے۔ یہ ایپس اپنی کوالٹی ریٹنگ کے حوالے سے اس وقت سب کے لیے’’واٹر ڈاکٹر‘‘ بن کر ابھری ہیں، جو آپ کو بتاتی ہیں کہ اب آپ کو پیاس لگی ہے،آپ کا جسم پانی مانگ رہا ہے۔اٹھیے !تھوڑا وقفہ لیجیے! پانی پیجیے،پھر آکر کام نمٹائیے گا!
Daily Water Tracker Reminder
اپنے آئی فون یا اینڈرائیڈ فون میں اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرکے روزانہ پانی کی مطلوبہ مقدار اونس یا ملی میٹر میں سیٹ کریں، مقدار کے تعین کے لیے آپ اپنے ڈائٹیشن سے مشورہ کر سکتے ہیں، اس کے بعد یہ ٹریکر آپ کو پانی پینے کے بارے میں یاد دلائے گا۔
ہر ایک گلاس کے ساتھ آپ کے پاس پورا چارٹ آجائے گا کہ آپ نے اتنا پانی پی لیا ہے اوراب کتنا پینا باقی ہے۔ اس طرح ایک ہفتے اورایک ماہ کا چارٹ بتادے گا کہ آپ کتنے آبی مزاج بن گئے ہیں۔
Hydro Coach
اینڈرائیڈ پر چلنے والی یہ ایپ آپ کو روزانہ بروقت یاددہانی کرائے گی کہ اب کسمساہٹ چھوڑیں، اٹھیں پانی نوش فرمائیں۔ اس ضمن میں طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ منرل واٹر استعمال کریں کیوں کہ پانی جتنا شفاف ہوگا، اتنا ہی یہ خون کے بننے اور زہریلے مواد کو ختم کرنے میں تاثیر کا حامل ہوگا۔ اس میں شامل کیلکیولیٹر پانی کی روزمرہ ضروریات کا جائزہ لینے میں ’’ہائیڈرو کوچ‘‘ کی مدد کرتا ہے۔
Water Minder
یہ ایپ آپ کے وزن یا ذاتی ہدف کے مطابق دن بھر پانی پینے کی یاد دہانی کرواکے آب جُو بنا سکتی ہے۔
اس میں گلاس کی مقدار سیٹ کرکے آپ صبح سے رات تک پانی کا شیڈول بناسکتے ہیں۔
Water Drink Reminder
اینڈرائیڈ پر دستیاب یہ ایپ آپ کی آب نوشی کی عادت کو پختہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ اس بات کا اندازہ لگاتی ہے کہ روزانہ آپ کو کتناپانی پینا چاہیے۔
مصروفیات کے باعث اگر آپ کو پانی پینا یاد نہیں رہتا تواس میں روزانہ کا شیڈول سیٹ کریں، اس کا یاددہانی نوٹس دن بھر آپ کو خبردار کرتا رہے گا کہ پانی پی لیں۔
Aqualert: Water Tracker Daily
آئی فون اور اینڈرائیڈ پر چلنے والی یہ ایپ نہ صرف آپ کو پانی کی طرف مائل کرتی ہے بلکہ اس میں ایسی کئی سرگرمیاں بھی موجود ہیں، جن سے آپ صحت مند آب شناس بن سکتے ہیں۔
’ہینڈی بیڈ ٹائم موڈ‘ آپ کو رات میں بھی بتاسکتا ہے کہ اُٹھ کر پانی پی لیں کیونکہ اس وقت آپ کا جسم پانی مانگ رہا ہے۔
Water Tracker Alarm
اینڈرائیڈ پر دستیاب اس اسمارٹ ایپ سےنہ صرف پانی پینے کی عادتوں کو مہذب بنایا جاسکتا ہے بلکہ آپ جسم کو درکار پانی کی اصل مقدار سیٹ کرکے الارم سے چوکناہوسکتے ہیں۔
اتناہی نہیں اس میں آپ کے پانی پینے کی عادت کا چارٹ، گراف رپورٹ، اچیومنٹ ٹیبل، پرسنلائزڈ اسٹارٹ- اسٹاپ، سونے کے اوقات اور ڈیلی رپورٹس جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔
Plant Nanny
یہ بڑی دلچسپ ایپ ہے، جس میں آپ پودوں کو پانی پلانے جیسی فطری عادات سے روشناس کرکے خود کو باور کرواسکتے ہیں کہ پانی ہم انسانوں کی ہی نہیں بلکہ پودوں، درختوں اور جانوروں کی بھی ضرورت ہے، جس کا استعمال دانشمندی سے کرنا چاہیے۔ یہ ایپ آپ کو درخت سے ملاقات کرواتے ہوئے یاد دلاتی ہے کہ اس لالہ و گل، سبزہ زار اور درختوں کے بغیر انسان کی زندگی بے رنگ ہے۔