• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ روک دیا گیا

ملتان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا منصوبہ فی الحال روک دیا گیا ہے، اسکیم کی درخواست وصولی کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔

ملتان میں وزیراعظم پاکستان کا مناسب قیمت پر اپنے گھر بنانے کا منصوبہ فی الحال روک دیا گیا ہے تاہم پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی سب ریجن ملتان نے اس حوالے سے مدنی چوک پر 384 اپارٹمنٹس کے لئے 23 کینال 10 مرلہ زمین مختص کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسکیم میں 550 مربع فٹ پر ایک اپارٹمنٹ تیار کیا جائے گا ، جس کی کل مالیت 29 لاکھ 85 ہزار روپے ہوگی ۔

درخواست وصولی کے ساتھ 10 ہزار روپے زر ضمانت جمع کروانے ہوں گے جبکہ 6 لاکھ روپے ایڈوانس ادائیگی کے بعد 36 ماہ کی اقساط میں 66 ہزار 530 روپے کی ماہانہ قسط ادا کرنا ہو گی ۔

دوسری جانب ڈائریکٹر پھاٹا ملتان طاہر انصاری کے مطابق ملتان میں اس اسکیم کو فی الحال اس لئے روک دیا گیا ہے کیونکہ حکومت بینکس کے ساتھ قرضوں کی فراہمی کے معاملات طے کر رہی ہے جس سے ان گھروں کی ماہانہ قسط کم ہو کر 10 سے 15 ہزار روپے ہو جائے گی اور 3 سال میں ادا کی جانے والی اقساط کی مدت 15 سے 20 سال پر منتقل ہو جائے گی ۔

تازہ ترین