مسلم لیگ ن نے قومی احتساب بیورو (نیب ) کو’ن احتساب بیورو‘ قرار دیدیا ہے۔
ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کے مطابق جس جس کے نام میں شریف آتا ہے اسے نیب میں ڈال دو۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور موجودہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف وزارت اعلیٰ کی کرسی سے اترنے کے بعد 2 مرتبہ نیب کے عقوبت خانوں میں رہے۔
انہوں نےحکومت سے استفسار کیا کہ بتائیں شہباز شریف نے کس منصوبے میں ایک دھیلے کی بھی کرپشن کی ہے؟
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اب نیا فیشن ہے کہ نیب جانا ہوتا ہے، یہ وہ ایس او پی ہے جو پاکستان میں پورا ہونا ہوتا ہے کہ وزرائے اعظم نے کرسی سے سیدھا جیل جانا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی نیب جھوٹی پریس ریلیز دیتے ہیں کہ شہباز شریف، اسحاق ڈار اور نواز شریف کے اثاثے ضبط کرلیے گئے ہیں۔
ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ کے قائدین کے تمام بزنس قانون کے مطابق ڈیکلیئرڈ ہیں۔