اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے جن جائیدادوں کو ڈکلیئر کیا ہوا ہے، انہیں سیل کرنا زیادتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کی پراپرٹی شہباز شریف کو وراثت میں ملی، جو ڈکلیئر بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی نیت پر انہیں شک ہے، حکومت آرمی چیف کے نوٹس کے ساتھ کھیل رہی ہے، وہ سنجیدہ ہوتی تو اپوزیشن کے ساتھ تدبر کا رویہ اپناتی۔
ن لیگی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی اور ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت قومی اداروں کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے، یہ آرمی چیف کی مدت ملازمت کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت مسلم لیگ (ن) پر منی لانڈرنگ اور کرپشن کا ایک بھی الزام ثابت نہیں کرپائی۔