• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے اثاثے نیب نیازی گٹھ جوڑ نے منجمد کئے، ہماری نیک نیتی سپریم کورٹ میں بھی سنی گئی، شہباز شریف

لندن (جنگ نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ کے صدر میاں محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ میرے اثاثے نیب،نیازی گٹھ جوڑ نے منجمد کئے ،ہماری نیک نیتی کی سپریم کورٹ میں بھی سنی گئی، ہم پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ،صرف الزامات پر قید کاٹی ،نیب کی جانب سے درخواستیں واپس لینے اور عدالت عظمیٰ کے ریمارکس نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا، پی ٹی آئی کے ایسے وزرا بھی ہیں جنہیں سزائیں ہوئی، معافی نامے لکھے ہوئے ہیں، قرضے معاف کروائے، ، ان ہائوس تبدیلی جتنی جلدی آئے بہتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے اثاثے نیب،نیازی گٹھ جوڑ نے منجمد کئے ہمارے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، عدالت میں سرخرو ہوئے ہیں،گزشتہ ڈیڑھ سال میں نیازی حکومت نے زہر اگلا لیکن کل عدالت میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں یہاں آشیانہ ہاؤسنگ کیس سے متعلق بات کروں گا۔ مجھے صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا۔ خداتعالیٰ نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ہمیں سرخرو کیا اور میری ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے مجھے میرٹ پر ضمانت دی۔ کل ایک دفعہ پھر جھوٹ اور سچ کو الگ کر کے دکھایا گیا۔ خداتعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔ عدالت نے کہا کہ شہباز شریف نے کہاں غلطی کی ہے۔ نیازی نیب گٹھ جوڑ ایک بار پھر ناکام ہوگیا، ہماری نیک نیتی کی گواہی عدالتِ عظمیٰ میں بھی سنی گئی، نواز شریف اور ان کی ٹیم کی بے گناہی ایک ایک کر کے سامنے آرہی ہے،اللہ کا شکر ہے جس نے سچ اور جھوٹ کو الگ الگ کر کے دکھا دیا، کل جس طرح قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنی درخواستیں واپس لیں اور عدالت نے جو ریمارکس دیئےاس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ انہوں نے پاکستان کی تاریخ میں عمران خان جیسا جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا،ان کا چیمبر خالی ہے، کوئی بات نہیں سمجھتے، وہ غصے سے بھرے ہوئے احسان فراموش شخص ہیں ۔ صدر (ن)لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جھوٹے مقدمات سے اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی، پچھلے ایک ڈیڑھ سال میں حکومتی وزرا اورمشیروں نے زہر اگلا، جبکہ ہم نے صرف الزامات کی بنیاد پر قید کاٹی ہے،عمران خان اپوزیشن کے بجائے اپنا وقت ملک سنوارنے میں لگاتے توملک میں غربت نہ ہوتی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کی،بڑے منصوبوں کے مکمل ہونے کا سہرا نواز شریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا کر کے دکھایا،ان کی قیادت میں 11ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں آئی جب کہ ملکی وسائل سے 5ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے گئے۔شہباز شریف کا ایک بار پھر کہنا تھا کہ مجھ پر یا میرے بچوں پر کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا، میں نے ہر چیز ظاہر کی ہے،ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی جب کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے ایسے وزرا بھی ہیں جن کو سزائیں ہوئیں ،معافی نامے لکھے ہوئے ہیں، حکومت کے ایسے وزرا بھی ہیں جنہوں نے قرضے معاف کروائے۔ واضح رہے کہ رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سپریم کورٹ میں دائر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی ضمانتوں کی منسوخی کی درخواستیں واپس لے لیں۔نیب کے وکیل نعیم بخاری نے پورے کیس پر بحث کے بعد درخواستیں واپس لیں جس کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے درخواستیں نمٹا دیں۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ’’نیب یہ کہہ رہا ہے آشیانہ ہاؤسنگ فراڈ کی وہ کوشش ہے جو نہیں ہوسکا، اس ساری کہانی میں شہباز شریف کا کردار اچھے بچے کا ہے، شہباز شریف نے پہلے انکوائری کرائی پھر معاملہ اینٹی کرپشن کو بھیجا، ابھی تک لگ رہا ہے کہ فود حسن فواد کا کردار برے بچے کا ہے‘‘۔  

تازہ ترین