• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ان ہاؤس تبدیلی ضروری، سپریم کورٹ سے ناکامی کے بعد نیب نیازی گٹھ جوڑ نے جائیدادیں منجمد کیں، شہباز شریف

لندن: نیب نیازی گٹھ جوڑ نے جائیدادیں منجمد کیں، شہباز شریف


لندن (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی ضروری ہے، سپریم کورٹ سے ناکامی کے بعد نیب نیازی گٹھ جوڑ نے میرے اثاثے جائیدادیں منجمد کیے، ہماری نیک نیتی کی گواہی عدالت عظمیٰ میں بھی سنی گئی، نواز شریف اور انکی ٹیم کی بیگناہی ایک ایک کر کے سامنے آرہی ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں عمران خان جیسا جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا، ان کا رہنا ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔ 

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے گٹھ جوڑ سے میرے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں نے ہمیشہ کہا کہ عمران نیازی اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے، اللّٰه‎ تعالیٰ نے گزشتہ رور سپریم کورٹ میں ہمیں سرخرو کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کر لیا گیا اور دونوں مقدمات میں میرٹ پرضمانت ہوئی لیکن نیب نے چیلنج کر دیا تھا۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری ہے اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے یکجہتی ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے کاز کیلئے اٹھ کھڑے ہونگے اور انکی آواز اور کاز کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے پاکستان میں اتحاد کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اللّٰه‎ نے ہمیں عدالت عظمیٰ میں سرخرو کیا اور پوری قوم نے دیکھا کہ ہماری نیک نیتی کی گواہی کی آواز عدالت عظمیٰ میں سنائی دی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ گزشتہ روز میری ضمانت کو منسوخ کرنے کے حوالے سے عمران خان نیازی اور نیب نے درخواست دی، ہمیشہ کہتا رہا یہ گٹھ جوڑ ہے مگر اب تو اس میں کوئی شک نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ نعیم بخاری وکیل ہیں اور وہ پی ٹی آئی کی اندرونی ٹیم اور پی ٹی آئی کا حصہ ہیں ۔

تازہ ترین