نیب لاہور نے مسلم لیگ نون کے صدر محمد شہباز شریف کی فیملی کےاثاثہ جات منجمد کرانے کے لئے احتساب عدالت لاہور میں درخواست دائر کر دی، احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر خان درخواست پر آج سماعت کریں گے۔
نیب لاہور نے شہباز شریف، ان کی 2 بیگمات نصرت شہباز اور تہمینہ درانی اور 2بیٹوں سلمان شہباز، حمزہ شہباز کی مختلف مقامات پر 23 جائیدادیں منجمد کرنے کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف فیملی کی ماڈل ٹاؤن لاہور میں 96اور 87 ایچ کی 10 کنال کی رہائش گاہیں ہیں، چنیوٹ میں 2مقامات پر 180 اور 209 کنال، ڈونگا گلی ایبٹ آباد میں 1کنال ایک مرلے کے نشاط لاجز، ڈی ایچ اے فیز 5 کے اے بلاک میں 10، 10 مرلہ کےدو گھر ہیں۔
پیر سوہاوا کے قریب3جائیدادیں ، چنیوٹ میں 182کنال7 مرلہ اور 209کنال 4مرلہ سے زائد کی 3 جائیدادیں ، جوہرٹاؤن میں5 پانچ مرلہ کے 9پلاٹ اور جوڈیشل کالونی میں 1 کنال سے زائد کے 4 پلاٹس ہیں۔
اسی طرح چنیوٹ انرجی لمیٹڈ، رمضان انرجی، شریف ڈیری، کرسٹل پلاسٹک انڈسٹری ،العریبیہ، شریف ملک پروڈکٹس، شریف فیڈ ملز، رمضان شوگر ملز اور شریف پولٹری بھی فہرست میں شامل ہیں۔