• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرے، نفیس زکریا

لندن (جنگ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ناکہ بندی کو 124 دن گزر چکے ہیں اور پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 دسمبر کو یو این ہیومن رائٹس ڈے آرہا ہے، دنیا کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے۔ ہائی کمشنز نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے آلام و مصائب پر توجہ دے، نماز جمعہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے شکار کشمیری عوام کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔ ہائی کمشنر کا پیغام تھا کہ کشمیری مسلمانوں کو بھارتی قابض فورسز نے 124 دن سے محصور کر رکھا ہے۔ عالمی برادری کشمیری عوام کو آلام و مصائب سے نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے قتل عام سے مقبوضہ وادی کی ڈیموگرافی تبدیل کئے جانے کا خدشہ ہے، اس لئے حقوق انسانی کے چیمپئن ممالک مقبوضہ کشمیر میں ہیومنٹیرین کرائسس کو ختم کرانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال تشویشناک ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی حالت زار کے حوالے سے کوئی لفظ بھی باہر نہیں آ رہا، کیونکہ بھارتی حکومت نے انٹرنیشنل میڈیا اور ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کو ریجن میں رسائی نہ دے کر کمیونی کیشن کا مکمل بلیک آئوٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک اور دوائوں کی شدید قلت کی وجہ سے کوئی مقبوضہ کشمیر میں تباہ کن صورت حال اور اموات کا اندازہ لگا سکتا ہے۔ ہائی کمشنر 5 اگست 2019 کو کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کئے جانے کے بھارتی اقدام کے بعد سے باقاعدگی کے ساتھ کشمیری عوام کے سے اظہار یکجہتی رہے ہیں۔ اس موقع پر نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض فوج کے مظالم کی تصاویر کی نمائش بھی کی گئی۔ ان تصاویر کو مختلف انٹرنیشنل انسٹی ٹیوشنز اور ہیومن رائٹس آرگنائزیشنز نے ڈاکومنٹ کیا ہے، جن سے وزیٹرز کو مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزی کے بارے میں آگاہی ملی۔
تازہ ترین