زندگی کو رواں دواں رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ مثبت توانائی کی تلاش کی جائے، کچھ رویوں کو بدلا جائے اور یہ بھی کہ اپنے گھر کی توانائی کو تازہ دم کیا جائے۔ گھر ہماری زندگیوں کا مرکز ہوتا ہے، یہ وہ جگہ ہوتی ہے جہاں ہم آرام اور سکون حاصل کرتے ہیں۔
ہم سب اپنے گھر میں مثبت توانائی اور خوشگوار ماحول چاہتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ ہمارے اِرد گرد منفی عناصر پھیلے ہوئے ہیں تاہم مثبت اشیا اس ماحول میں فرق پیدا کر سکتی ہیں۔ ہمیں اپنے گھروں میں خوش و خرم رہنے میں فنگ شوئی ہماری بہت مدد کر سکتا ہے۔
اگر آپ بھی اپنے گھر سے منفی توانائی کو بھگانا او رمثبت توانائی کو مدعو کرنا چاہتےہیں تو درج ذیل میں دیے گئے مشورے آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔
بانس - خوشحالی کی نشانی
ایشیائی لوگ کہتے ہیں کہ کامیابی اور خوشحالی لانے کے لیے بانس بہترین ہیں۔ یہ پودا فنگ شوئی میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کی توانائی فائدہ مند ہوتی ہے کیوں کہ یہ پانی اور لکڑی جیسے دو عناصر کے درمیان ایک خوشحال اتحاد کی علامت ہے۔
نمک - گھر کی حفاظت
نمک میں بہت اہم خصوصیات پائی جاتی ہیں، جیسا کہ حفاظت۔ مثال کے طور پر حسد، بُری نظر اور بُرے احساسات کو گھر سے باہر رکھنے کیلئے گھر کے گرد نمک سے لکیر بنائیں۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ نئے گھر میں شفٹ ہوتے وقت گھر کے داخلی دروازہ کے ساتھ اندر کی طرف کسی جگہ نمک رکھ دیں اور چند دن کے بعد اسے ضائع کردیں، اس طرح اگر اس گھر میں آپ کے شفٹ ہونے سے پہلے کوئی منفی توانائی موجود ہوگی تو نمک اسے جذب کرلے گا۔
بلیاں - منفی توانائی کو مثبت میں بدلیں
بلیوں میں خراب توانائی جذب کرنے اور اسے مثبت توانائی میں تبدیل کرنے کی طاقت پائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ، تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بلی پر ہاتھ پھیرنے سے پریشانی میں کمی واقع ہوتی ہے۔ اب یہ جاننے کے بعد اپنی بلی پر ہاتھ پھیریں۔
پودے - توانائی بہاو کا ذریعہ
ہمیں اِس کی سائنسی وجہ کا علم نہیں مگر کہا جاتا ہے کہ گول پتوں یا سرخ پھولوں والے پودے آپ کے گھر میں دولت لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان فوائد کے علاوہ بھی قدرت کی کچھ خوبصورتی گھر میں شامل کرنا ایک اچھا مشورہ ہی ہے۔ دروازوں کے قریب پودوں کے ہونے سے ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں توانائی کا بہاؤ آسان رہتا ہے۔
مزید برآں، پودے اور پھول از خود تازہ دم کرنے والی توانائیاں ہیں ۔ اس لیے ان کو گھر کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ لیکن اگرآپ گھر میں سوسنِ اُمید (Lily of Hope)بھی رکھ لیں گے تو اس کا آپ کو اور فائدہ ملے گا۔ یہ مثبت توانائی کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور اس کی دیکھ بھال بھی آسان ہے۔
سفید رنگ کی موم بتیاں
سفید موم بتیاں گھر میں رکھنے سے یہ گھر میں اچھا تاثر پیدا کرتی ہیں، اور ان کے برعکس سیاہ موم بتیاں گھر میں منفی توانائی لانے کا باعث بنتی ہیں۔ سفید موم بتیوں سے گھر کو معطر کرنے سے ماحول کی مجموعی توانائی اور سکون میں اضافہ ہوگا۔
نباتاتی تیل - اچھی صحت کیلئے
نباتاتی تیل بہت سے پھلوں اور جڑی بوٹیوں سے بنائے جاتے ہیں۔ ہر ایک کا مختلف استعمال ہوتا ہے اور یہ صحت کے لیے بہت اچھے ہوتے ہیں۔
شیشوں سے سجاوٹ
آپ کے گھر میں شیشے نہیں ہیں ؟ تو مزید وقت ضائع نہ کریں اور اپنے گھر میں شیشے لگائیں۔ وجہ ؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ شیشے مثبت توانائی کو اپنی جانے کھینچتے ہیں اور ٹھیک سے سوچنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں۔ یہ سجاوٹ کے لیے بھی بہترین رہتے ہیں کیونکہ یہ روشنی کو منعکس کرتے ہیں اور کسی بھی جگہ کو بڑا لگنے میں مدد کرتے ہیں۔ یہ بہت سارے انداز اور ڈیزائن میں دستیاب ہیں۔ آپ اپنے گھر کی سجاوٹ اور ذوق کے مطابق انتخاب کر سکتے ہیں۔ لیکن اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ انھیں لگانےکے لیے آپ کو دُرست جگہ کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ان کو گھر کے مرکزی دروازے یا خواب گاہ کے دروازے کے سامنے نہیں لگانا چاہیے، کیونکہ وہاں یہ مثبت توانائی کا راستہ بدل دیتے ہیں۔
فالتو چیزوں کے انبار، منفی توانائی کا ذریعہ
مکمل صفائی کے بعد آپ اپنے گھر کو نئی دولت کے لیے کھلا کرنے کی سنجیدہ کوشش کرسکتے ہیں۔ اگر آپ نے ایسے کپڑے، اوزار یا دوسرا سامان سنبھال رکھا ہے جس کی نہ آپ کو ضرورت ہے اور نہ آپ اُسے استعمال کرتے ہیں تو آپ کی دولت ان ہی مردہ اشیا کے ساتھ بندھی ہے۔ تو کیوں نہ اِس سامان سے جان چھڑائی جائے اور جن چیزوں کی آپ کو اب ضرورت نہیں وہ خیرات کر دی جائیں؟ دنیا کو مثبت توانائی پہنچائیں اور یہ آپ کے پاس لوٹ کر آئے گی۔
ٹوٹی ہوئی اشیا
فنگ شوئی کا فلسفہ اِس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تمام ٹوٹی ہوئی اشیا کو پھینک دینا چاہیے، کیونکہ یہ منفی توانائی لاتی ہیں یا مثبت توانائی کا راستہ روکتی ہیں۔ اگرچہ آپ ان کو تبدیل یا ان کی مرمت کرواسکتے ہیں، مگر اس فلسفے کے مطابق بہتر یہ رہتا ہے کہ آپ ان کو پھینک دیں اور نئے سرے سے شروعات کریں۔
کبھی کبھار یہ پیچیدہ یا مشکل ہوتا ہے، مگر اگر آپ کے پاس کچھ ایسی سجاوٹی اشیا ہیں جو کہ دو حصوں میں بٹ کر ٹوٹ چکی ہیں تو ان کو پھینک دیں۔ نیز خراب اور کام نہ کرنے والے ٹائم پیس اور وال کلاک کو گھر میں بالکل نہ رکھیں۔