• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ٹیسٹ سیریز، سلیکٹرز کو فواد عالم پر رحم آگیا، 10 سال بعد ٹیم میں واپسی، سری لنکا کیخلاف میچوں کیلئے 16 کھلاڑیوں کا اعلان

 10 سال بعد ٹیم میں واپسی


کراچی(اسٹاف رپورٹر)فواد عالم کی مسلسل غیر معمولی کارکردگی کے بعد سلیکٹرز کو ان پر رحم آگیا لیکن لگاتار خراب بیٹنگ فارم کے باوجود حارث سہیل کو ایک اور موقع دیا گیا ہے۔امام الحق ،یاسر شاہ کو خراب فارم کے باوجود لائف لائن دی گئی ہے جبکہ لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی بدستور ٹیم کاحصہ ہیں۔کپتان اظہر علی نے ایک دن پہلے کہا تھا کہ آسٹریلیا میں مایوس کن کارکردگی سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی۔مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے 16 میں سے چودہ کھلاڑیوں کو سری لنکا سیریز میں برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہاامید ہے کہ یہ 14 کھلاڑی سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ہفتے کو مصباح الحق نےسری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرفواد عالم کو ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کردیا۔ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے فواد عالم نے آخری ٹیسٹ دس سال پہلے کھیلا تھا۔فاسٹ بولر عثمانخان شنواری کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ دیگر چار فاسٹ بولروں محمدعباس،شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اورعمران خان کے ساتھ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ٹیم میں صرف 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم میں شامل افتخار احمد کی جگہ فواد عالم جب کہ موسی خان کی جگہ عثمان شنواری کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ محمد موسی خان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے البتہ وہ ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور وقار یونس سے رہنمائی لیتے رہیں گے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ بدھ سے پنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہورہا ہے۔پاکستانی ٹیم پیر کو دوپہر کو پنڈی اسٹیڈیم میں پہلے پریکٹس سیشن میں شرکت کرے گی۔ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ52وکٹیں لینے والے حیدرآباد کے اسپنر نعمان علی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔جبکہ لاہور کے اوپنر عمران بٹ نے934رنز بنائے انہیں بھی موقع نہیں دیا گیا ہے۔واضع رہے 34 سالہ فواد عالم نے 3 ٹیسٹ میچوں میں 41.6 کی اوسط سے 250 رنز بنائے ہیں، انہوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف ہی ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں 168 رنز کی اننگز کھیلی تھی جب کہ انہوں نے اپنا آخری میچ میں 2009 میں ہی سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا اور اس کے بعد سے انہیں موقع نہیں دیا گیا۔۔ حالیہ سیزن میں فواد عالم نے71 کی اوسط سے 781 رنز بنائے۔حیران کن طور پر 25وکٹیں لینے والے تابش خان کو بھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔۔مصباح الحق نے کہا کہ وہ فواد عالم کو ٹیم میں منتخب ہونے پر مبارکباددیتے ہیں۔ یہ ان کی انتھک محنت کا صلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد عالم کا ٹیم میں انتخاب ایمرجنگ کرکٹرز اور سلیکٹرز دونوں کے لیے ایک مثال ہے۔ امید ہے شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس، نسیم شاہ اور عمران خان سینئر کی موجودگی میں ان کی شمولیت سے قومی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ دورہ آسٹریلیا میں ہمیں توقعات کے مطابق نتائج نہیں مل سکے۔پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔اظہرعلی کپتان، عابد علی، اسدشفیق، بابراعظم، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (سینئر)، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ، عثمان شنواری ۔

تازہ ترین