• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر عارف زبیر وفاقی اُردو یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر مقرر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اُردو یونیورسٹی کی سینیٹ نے اُردو یونیورسٹی کے سابق ڈین اور سینئر پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا ہے، ان کی تقرری 6؍ ماہ کیلئے کی گئی ہے اس دوران تلاش کمیٹی تشکیل دے کر مستقل وائس چانسلر کا تقرر کر دیا جائےگا۔ ڈاکٹر عارف زبیر نے جامعہ کراچی کے شعبہ ارضیات سے ماسٹر اور ایم فل جب کہ برطانیہ سے پی ایچ ڈی اور امریکا سے پوسٹ ڈاک کی سند حاصل کی۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف زبیر نے کہا کہ جامعہ اردو میں اب ہر کام میرٹ پر ہوگا، ایڈہاک ازم کا خاتمہ ہوگا اور پسند نا پسند کی بنیاد پر ہونے والے اقدامات ختم کردیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اُردو یونیورسٹی کے مسائل زیادہ ہیں ابھی تک کالج کلچر ختم نہیں ہوسکا ، کوشش ہوگی کہ مکمل یونیورسٹی والا ماحول بنا دیا جائے۔ واضح رہے کہ اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی اسامی گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اس وقت خالی ہوئی تھی جب جامعہ اردو کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین کی تقرری کو خلاف ضابطہ قرار دے کر عدالت نے کالعدم قرار دے دیا تھا۔ قبل ازیں یونیورسٹی کے سینیٹ اجلاس میں سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم، سہیل اختر ملک ڈائریکٹر جنرل ایوان صدر نے اسلام آباد سے شرکت کی جبکہ کراچی سے جاوید اشرف حسین ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، پروفیسر ڈاکٹر اے کیو مغل نمائندہ ایچ ای سی، واجد جواد صدر نشین انجمن ترقی اردو پاکستان، شکیل الرحمن، اے کیوخلیل، ڈاکٹر توصیف احمد خان، صادقہ صلاح الدین، پروفیسر ڈاکٹر معین الدین عقیل، پروفیسر ڈاکٹر سید جعفر احمد، ڈاکٹر ریاض احمد، ڈاکٹر محمد عرفان عزیز اور ڈاکٹر سید طاہر علی نے اجلاس میں شرکت کی۔ قائم مقام رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم نے اجلاس میں سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر کا نام قائم مقام وائس چانسلر کیلئے تجویز کیا گیا اوران کا نام بحیثیت قائم مقام وائس چانسلر 6 ؍ ماہ کیلئے منظور کر لیا گیا۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی نے تاحال وائس چانسلر کی تقرری کا خط جاری نہیں کیا ہے۔
تازہ ترین