• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ مہوش حیات وزیراعظم بننے کی خواہشمند

اداکارہ مہوش حیات وزیراعظم بننے کی خواہشمند


پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے مستقبل میں اہم سرکاری عہدہ سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

بلاشبہ ورسٹائل مہوش حیات کا شمار لولی ووڈ میں دور حاضر کی بہترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

فن کے شعبے میں بہترین کارکردگی پر اداکارہ کو رواں برس صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

اس مرتبہ ان کا ایک ٹوئٹ نگاہوں کا مرکز بن گیا جس میں انہوں نے مستقبل قریب میں پاکستان کی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مہوش حیات اس وقت بیرون ملک موجود ہیں اور اپنے سفر کے دوران ترکی کے شہر استنبول میں انہوں نے قلیل مدتی قیام کیا۔

اس قیام کے دوران انہوں نے اپنی کچھ تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیں اور بتایا کہ وہ اس وقت استنبول میں موجود ہیں۔ 

ان کے اس ٹوئٹ پر ایک صارف نے کہا کہ آپ میری اگلی وزیراعظم ہیں۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں ورسٹائل اداکارہ نے تفریحی انداز میں کہا کہ ’تو پھر 2028 کے انتخابات میں میرے لیے ووٹ کو یقینی بنائیں۔‘

جس شخص نے مہوش حیات کو اپنا وزیراعظم مانا انہوں نے جواب میں کہا کہ وہ اپنے دوستوں کو جمع کرکے ان کی انتخابی مہم بھی چلائیں گے۔

مہوش حیات کی سیاست میں دلچسپی نئی نہیں بلکہ انہوں نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے حالیہ ویڈیو بیان کے بعد اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے موقف کی حمایت کی تھی۔

مزید پڑھیے: مہوش حیات مشرف کی حمایت میں بول پڑیں

سماجی رابطے کی ویب ٹوئٹر پر مہوش حیات نے پرویز مشرف کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’ ایک لمحے کیلئے سیاست کو ایک طرف رکھتے ہیں، یہ شخص ہمارا صدر تھا جس نے ہر مشکل وقت میں ہماری رہنمائی کی، ہم چاہے انہیں پسند کریں یا ان سے نفرت کریں مگر یہ اپنے دفاع میں بولنے کا حق رکھتے ہیں، کم از کم ہم انہیں یہ عزت تو دے سکتے ہیں۔‘

اداکارہ نے سوال اٹھایا تھا کہ کیا قانون جرم ثابت ہونے تک کسی بھی مجرم کو بے گناہ قرار نہیں دیتا؟‘

تازہ ترین