• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عدالتی بائیکاٹ

کراچی ، لاہور، راولپنڈی (خبرایجنسی، مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈ یالوجی (پی آئی سی) واقعے پر گرفتار وکلاء سے اظہار یکجہتی کیلئے سندھ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں وکلاء کی جانب سے دوسرے روز بھی ہڑتال کرکے عدالتی بائیکاٹ کیاگیا،وکلا نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، دوسری جانب وکلا رہنمائوں نے واقعے کی مذمت کرکے متاثرین سے معافی مانگ لی ۔ تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ اور سیشن عدالتوں میں دوسرے روز بھی کام بند رہا جب کہ ہائیکورٹ کے احاطے میں وکلاء کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا اور ڈاکٹروں کے خلاف نعروںکے علاوہ گرفتار وکیلوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا، کراچی، کوئٹہ، پشاور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالا، بہاول پور اور مظفر گڑھ سمیت دیگر شہروں میں وکلاء نے عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا۔سیکریٹری فیصل آباد بار،سندھ بار، کراچی بار اور ملیر بار کا بھی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ رہا،وکلاء کا کہنا ہے کہ جنرل باڈی اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔خیبر پختونخوا بار کونسل کی جانب سے بھی وکلاء کی گرفتاری اور سوات میں وکیل فیروز شاہ کے قتل پر عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔صدر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن آصف ریکی نے اپنے بیان میں کہا کہ گرفتار وکلاء کو نامناسب انداز میں عدالت میں پیش کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں، وکلاء کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

تازہ ترین