• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے پتلے تعینات

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست کرناٹکا میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے ہو بہو ٹریفک پولیس اہلکار کی طرح پُتلے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔شہر میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کے لیے کارناٹکا کی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پولیس کی طرح پُتلے تعینات کیے گئے ہیں جنہیں ان کی ہی طرح یونیفارم پہنا کر شہر کی اہم شاہراہوں پر کھڑا کیا گیا ہے۔پُتلوں کو سفید شرٹ، خاکی رنگ کی پینٹ، سفید کیپ اور کالے جوتے پہنا کر اسی طرح کھڑا کیا گیا ہے جیسے ٹریفک پولیس اہلکار کھڑے ہوتے ہیں۔ان پُتلوں کو دیکھنے سے شہریوں کو ایسا لگ رہا ہے کہ اصلی میں ٹریفک پولیس اہلکار کھڑے ہوئے ہیں۔کارناٹکا کے جوائنٹ کمشنر آف ٹریفک پولیس ڈاکٹر بی آر رویکانتھ گوڈا کا کہنا ہے کہ ’ان پُتلوں کو تعینات کرنے کے بعد بے حد مثبت ردِ عمل سامنے آیا ہے، ایسے شہری جو عادتاً ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، یہ پتلے اُن کے لیے کارآمد ثابت ہوئے ہیں‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اب جلد ان پُتلوں کے پاس سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کریں گے تاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے۔بھارتی ریاست کارناٹکا میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ان پُتلوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں واقعی کمی دیکھنے میں آئی ہے کیونکہ لوگ ان پُتلوں کو اصلی ٹریفک پولیس اہلکار سمجھ رہے ہیں۔

تازہ ترین