• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2019 میں کئی فنکاروں نے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سال 2019 میں کچھ فنکاروں کی قسمت آپس میں جڑی جب کہ کچھ لوگوں نے اپنی راہیں ایک دوسرے سے جدا کرلیں۔ فلم ’’خدا کے لیے‘‘، ’’بول‘‘ اور ’’ماہ میر‘‘جیسی سپر ہٹ فلموں میں اپنی اداکاری کا جادو دکھانے والی پاکستان کی نامور ماڈل و اداکارہ ایمان علی رواں برس فروری میں پیادیس سدھار گئیں۔ایمان علی کی شادی کی ہر تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر کئی دن تک وائرل رہیں جب کہ ان کے پرستاروں نے ایمان علی اور ان کے شوہربابر بھٹی کو نئی زندگی کی ڈھیروں دعائیں دیں۔پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ انجمن نے رواں برس جون میں 64 سال کی عمر میں سابق فلم پروڈیوسر اور بزنس مین وسیم لکی علی کے ساتھ شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔ تاہم اداکارہ انجمن نے دھوم دھام سے شادی کرنے کے بجائے چند قریبی عزیزوں اور دوستوں کی موجودگی میں سادگی سے شادی کرنے کو ترجیح دی۔ٹی وی کی معروف اداکارہ ناہید شبیر بھی رواں برس اگست میں سابق پروڈیوسر نومی خان کے ساتھ شادی کےبندھن میں بندھ گئیں۔ اداکارہ ناہید شبیر اور ان کے شوہر نومی کی یہ دوسری شادی تھی ۔ سابق اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کی شادی ان کے مداحوں کے لیے کافی حیران کن تھی کیونکہ شادی سے قبل ان کے مداحوں کو اندازہ نہیں تھا کہ دونوں یوں اچانک شادی کرلیں گے تاہم حمزہ علی عباسی نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔ حمزہ اور نیمل رواں سال اگست کی 25 تاریخ کو شادی کے بندھن میں بندھے۔رواں سال شادی کے بندھن میں بندھنے والے فنکاروں میں اداکارہ صنم چوہدری بھی شامل تھیں جنہوں نے نومبر میں سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کرکے اپنی شادی کا اعلان کیا۔ صنم چوہدری نے گلوکار سومی چوہان کو اپنا جیون ساتھی چنا ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں شادی کے بعد امریکا شفٹ ہوگئے ہیں۔سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی بیٹی اور اداکارہ میرا سیٹھی بھی رواں سال اپنے قریبی دوست بلال صدیقی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ میرا سیٹھی نے سوشل میڈیا پر سادگی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی پر اپنا میک اپ خود کیا اوربال بھی خود ہی بنائے تھے۔ میرا سیٹھی کے اس عمل پر انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کافی سراہا گیا تھا۔
تازہ ترین