• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 19 دسمبر سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جس سے متعلق کراچی میں خصوصی ٹریفک پلان کا اعلان کردیا گیا ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے میچ کے لیے خصوصی پلان ترتیب دے کر متبادل راستوں کا اعلان  کیا گیا ہے جبکہ شائقین کرکٹ کے لیے ایکسپو سینٹر، اتوار بازار، رانا لیاقت گرلز کالج گراؤنڈ میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، میچ دیکھنے کے لیےاسٹیڈیم آنے والے شائقین کو اپنے ساتھ اصلی قومی شناختی کارڈ لانا ہوگا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ پر اسٹیڈیم فلائی اوور سے سرشاہ سلیمان روڈ جانب حسن اسکوائر ٹریفک کے لیے بند رہے گا، حسن اسکوائر فلائی اوور سے اسٹیڈیم روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔

حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ سے آنے والے شہری نیشنل اسٹیڈیم انٹرسیکشن سے بائیں جانب آغا خان اسپتال، نیو ٹاؤن اور دائیں جانب ڈالمیا سے ملینیئم کا راستہ اختیار کرسکیں گے جبکہ ملینیئم سے ہوتے ہوئے حسن اسکوائر جانے والے شہری نیو ٹاؤن کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں۔

نیوٹاؤن سے آغا خان اسپتال سے ہوتے ہوئے حسن اسکوائرجانے والے شہری ملینیئم کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں، سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد 10 نمبر سے حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ، کارساز سے اسٹیڈیم ، ملینیئم سے نیوٹاؤن ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

تازہ ترین