اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر اعظم کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کوالاالمپور کا دورہ منسوخ کر دیاہے وزیر خارجہ نے وزیراعظم کی جگہ کوالاالمپور سمٹ میں شرکت کرنا تھی ، ذر ائع کے مطابق اب پاکستان اس کانفرنس میں کسی بھی سطح پر شرکت نہیں کرے گا، 18دسمبر سےہونے والی کانفرنس میں پاکستان، ترکی، ایران، قطر اور انڈونیشیا سمیت 52ملکوں سے 400مسلم لیڈرز کو مدعو کیا گیاہے جس میں وزیراعظم عمران خان نے شرکت کرنی تھی لیکن انہوں نے اس کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملائیشیا اور ترکی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے جنیوا میں ترک صدررجب طیب اردوان سے ملاقات کرکے اس حوالے سے بات چیت کی ہے اور کل رات ملائشیا کے ہم منصب مہاتیر محمد سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ دفتر خارجہ کے حکام کے مطابق پاکستان اس سمٹ کے بعد سعودی عرب اور ملائیشیا سے بات کرے گا اور ہماری کوشش ہے کہ مسلم امہ تقسیم نہ ہو۔ذرائع دفترخارجہ کے مطابق پاکستان مسلم امہ کو اکٹھارکھنے کے لئے اس سمٹ میں شرکت نہیں کررہا۔