• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ کا رجحان غیرروایتی کیریئر یا تعلیمی ڈگری کی طرف ہے تو ایپ ڈویلپنگ ایک ایسا کیریئر ہے، جو دلچسپی اور آمدنی سے بھرپور ہے۔ آج کا زمانہ ایپس کا ہے اور زندگی کے ہر شعبے کیلئے ایپس لازمی ہوتی جارہی ہیں۔ کوئی بھی ایپ تیار کرنے کیلئے بہت سارے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ بنیادی خیال (Ideation)سے لے کر اس کی فائنل لانچ تک کئی مراحل سامنے آتے ہیں۔ اس ضمن میں ہم نے کئی ماہرین کی رائے لی اور ان کے مشورے حاصل کیے کہ اگر کسی کو ایپ ڈویلپربنناہے تواس کیلئے کیا تجاویز ہوں؟ انہوںنے ذیل میں درج باتیں بیان کیں۔

انٹرن شپ تلاش کیجئے

بہت سے لوگ یونیورسٹی کی تعلیم تو حاصل کرلیتے ہیں، لیکن ان کا تجربہ نہ ہونے کے برابر ہوتاہے۔ لہٰذا پہلا مشورہ تو یہی ہے کہ اگر آپ ایپ ٹیکنالوجی میں میجرز کررہے ہیں تواپنے اندر بہتری لانے کے ساتھ آپ کو تھرڈ ایئر میں ہی اس فیلڈ میں عملی طور پر اترنا پڑے گا۔ جب آپ کو دنیا کے مسائل پتہ چلیں گے تو آپ ان کو حل کرنے میںشامل ہوں گے اور حقیقی زندگی کا تجربہ حاصل کریں گے، تب آپ کواس پیشے میں کامیابی حاصل کرنے میں بہت مددملے گی۔

انٹرن شپ میں کچھ عرصہ لگانے کے بعد آپ ویب ڈویلپرز ( بیک اینڈ اور فرنٹ اینڈ) کے طور پر کام کریں۔ اس کےبعدموبائل یا ایپ ڈویلپمنٹ کی دنیا میں قدم رکھیں، جس کے لیے آپ کو جاوا، اوبجیکٹو سی، سوئفٹ اور ایچ ٹی ایم ایل جیسی پروگرامنگ لینگویج میں مہارت حاصل کرنی ہوگی۔ جتنی زیادہ آپ انٹرن شپ اور مینٹورشپ سے گزریں گے اتناہی زیادہ آپ کو فائدہ حاصل ہوگا۔

پیشگی اقداما ت کیجئے

اس سلسلے میں ایک ماہر ایپ ڈیولپر کا کہنا ہے ، ’’ میں نے اپنے طور پر سوچ بچار کی۔ میں انسٹرکشنل ڈیزائنر بننا چاہتا تھا۔ اس کے لیے میں نے سوچا کہ اگر میں پروگرامنگ سیکھ لوں تو میرے لیے زیادہ فائدہ مند ہوگا تاکہ میں تھری ڈی سمولیشن تیار کرسکوں۔ میں نے ابتدائی لینگویج یوٹیوب ٹیوٹوریل اور Trial and Errorسے سیکھی۔ 

پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو میں کسی کمپیوٹر سائنس کے ادارے میں جا سکتا تھا، میں نے کوئی تربیت نہیں لی، لیکن خود ہی اپنے طور پر پیشگی اقدامات کرتا رہا ، ماہرین کےمشورے اور کام کی باتیں سیکھتا رہا۔ اس طرح جب بھی میں پروگرامنگ شروع کرتاتو اس کے کوڈز پہلے ہی سےمیرے دماغ میں آجاتے۔اس عادت نے مجھے آگے بڑھنے میں بہت مدد کی‘‘۔

متعلقہ فیلڈ میں کام کیجیے

ایک دوسرے ماہر ڈیولپر کا کہنا ہے، ’’میں نے ایک گرافک ڈیزائنر کے طور پر اپنا کیریئر شروع کیا اور دو سال قبل ہی ویب ڈویلپمنٹ کا آغاز کیا۔ اس کے بعد میں نے اپنی مہارت کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں بھی استعمال کرنا شروع کیا، جس میں دیگر مہارتیں جیسےSearch Engine Optimization(SEO) ، کیمپین مینجمنٹ اور ای میل مارکیٹنگ وغیر ہ کو بھی شامل کرتا گیا۔ جب میںنے دیکھا کہ ویب سائٹس اب زیادہ موبائل فرینڈلی ہو گئی ہیں تو میں نے سوچا، اب یہی وقت ہے کہ موبائل ایپ ڈویلپمنٹ کے میدان میں کودا جائے۔ اگر آپ بھی ایسا کریں گے تو آپ کو روز کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کیلئے تیار رہنا ہوگا‘‘۔

جزئیات پر توجہ رکھیے

’’جب آپ ایک موبائل ایپ تیار کرتے ہیں، تو سب سے اہم بات اس کی بنیادی چیزوں پر توجہ مرکوز کرنا ہوتاہے اور اس کے لازمی عناصر پر بہت زیادہ توجہ دینی پڑتی ہے۔ اسے آسان رکھیں اور فالتو فیچرز ہٹا کر دیکھیں کہ کیا چیزیںسب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔ میں کم لیکن بہتر چیزیں کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔ میں اس بات پر زور دیتا ہوں کہ چھوٹی چھوٹی چیزیں یا جذئیات کسی بھی یوزرکے لیے عمدہ تجربہ ثابت ہوتی ہیں۔‘‘

ہر موقع سے فائدہ اٹھائیں

’’جب بھی آپ کو آگے بڑھنے کا موقع ملے، آگے بڑھ جائیں۔ میں ہر وقت اپنی سابقہ ملازمت چھوڑنے اور حالیہ باس کے ساتھ گفت وشنید کیلئے تیار رہتا تھا۔ یہ ہم دونوں کیلئے بہترین ہوتا تھا۔ جوں جوں آپ آگے بڑھیں گے یا کمپنیاں تبدیل کریں گے ، آپ کے تجربہ میں تنوع پیدا ہوتا چلاجائے گا۔جن پروجیکٹس پر آپ نے کام کیا ہوگا ، وہ آپ کے تجربے میں شامل ہوںگے تو لامحالہ آپ کی سی وی مزید قابل توجہ ہوتی چلی جائے گی۔ 

مجھے چار کمپیوٹر لینگویجز پر کافی حد تک عبور حاصل ہے ، اسی لیے مجھے جس زبان کی ضرورت ہو بآسانی اس کا انتخاب کرلیتا ہوں کیونکہ ہرلینگویج کے کوڈ ایک جیسے بنیادی عناصر پر مشتمل ہوتے ہیں۔ جب آپ ایک بار ان کوڈز کو سیکھ جاتے ہیں تو آپ کو سوالات کے جوابات مل جاتے ہیں اور پھر آپ زیادہ سے زیادہ چیزوں کے کوڈ ز بنا سکتے ہیں۔ ‘‘

اپنی ریسرچ خود کریں

’’میںنے 13سال کی عمر میں iOSاپیس بنانی سیکھیں۔ میں لوگوں کو ایپ بنانا سکھاتا بھی ہوں اور میں ان سے کہتا ہوں کہ اس کے لیے باقاعدہ کلاس نہ لیں۔ اپنا ہدف مقرر کریں اور سوچیں کہ آپ اسے کیسے پورا کرسکتے ہیں، پھر چاہے وہ گوگل کے ذریعے ہو یا کسی بھی سرچ انجن کے۔ اپنی سابقہ معلوت کے ساتھ جائیں اور ہر مسئلہ کو مرحلہ وار حل کریں، یہ نہیں کہ تمام چیزوں کو ایک ساتھ سیکھنا شروع کردیں۔ ‘‘

پرگرامنگ سیکھنے میں دیر نہ کریں 

’’میں نے بچپن میں ہی ایپل سوفٹ بیسک(Applesoft Basic) سیکھی تاکہ میں اپنی فیملی کے لیےApple II+ پروگرامنگ کر سکوں۔ میں نے پڑھائی تو اچھی خاصی کی ہوئی تھی، لیکن پھر بھی میں نے پروگرامنگ کی کتابوں اور رسائل کا مطالعہ کیا اور سیکھنے کیلئے دوسرے پروگرامرز کے ساتھ گفتگو کی۔ سب کا یہی کہنا تھا کہ انہیں کسی نے نہیں پڑھایا انہوں نے یہ سب خود سیکھاہے لیکن میرا مانناہے کہ ایسا ہرگز نہیں ہے۔

نئے سیکھنے والوں کے لئے میرا مشورہ ہے کہ اس کام میں جس قدر جلد کودناہے کود جائیں اور دیر نہ کریں۔ لائبریری میں HTMLکی ابتدائی کتابوں سے استفادہ کریں اور گھر پر ہی اس کی پریکٹس شروع کردیں۔ آپ کو چند دن میں نتائج نظر آ نا شروع ہو جائیں گے اور آپ کچھ نہ کچھ پروگرامنگ کرہی لیں گے۔ جب آپ اس سے آگے بڑھنا چاہیں تو جاوا پر دھاوا بول دیں، آپ جانتے ہی ہیں کہ جاوا کیا زبردست چیزہے، لیکن پھر وہی بات ہے کہ وقت ضائع نہ کریں ۔‘‘

تازہ ترین