وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دارالحکومت اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ بھی تھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تعزیتی کتاب میں تاثرات قلم بند کیے، ایران کے شہداء اور زخمیوں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور ایرانی عوام اور حکومت سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے ایران کے حوصلہ مند اور بہادر عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا، وزیرِ اعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزیشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مسلسل حمایت اور یک جہتی جاری رکھے گا۔