• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم کے بھانجے حسان نیازی نے ضمانت کر والی

وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے نے پی آئی سی کیس میں ضمانت کرالی


لاہور کے امراضِ قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے کے کیس میں مطلوب وکیل اور وزیرِ اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی نے اپنی عبوری ضمانت کروا لی۔

پولیس کے مطابق حسان نیازی نے عبوری ضمانت انسداد دہشت گردی کی عدالت سے حاصل کی، عدالت نےحسان نیازی کی ضمانت ایک لاکھ روپے کےمچلکوں کےعوض منظورکی ہے۔

واضح رہے کہ 11 دسمبر کو لاہور میں سیکڑوں وکلاء امراضِ قلب کے اسپتال پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر چڑھ دوڑے تھے، مشتعل وکلاء آپریشن تھیٹر، آئی سی یو اور وارڈ میں گھس گئے، جہاں انہوں نے اسپتال کی قیمتی مشینیں اور دیگر آلات توڑ دیئے، عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا، مریضوں کے آکسیجن ماسک اتار دیئے۔

اسپتال میں وکلاء کے ہنگامے اور توڑ پھوڑ کے دوران طبی امداد نہ ملنے سے 4 مریض جاں بحق ہوگئے تھے، وکلاء نے ہنگاموں کے دوران پولیس موبائل، ڈاکٹرز اور مریضوں کی گاڑیاں بھی جلا دیں۔

وکلاء نے وہاں تصفیے اور بات چیت کے لیے آنے والے وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: حسان نیازی مقدمے میں نامزد، تاحال گرفتار نہ ہوسکے

وکلاء کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، ہنگامے کے دوران پتھراؤ، شیلنگ اور لاٹھی چارج سے متعدد ڈاکٹرز، شہری، لواحقین اور وکلاء زخمی ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی حملہ کیس کے مقدمے میں اسپتال کےباہرتوڑ پھوڑ اور گاڑی کو آگ لگانے کے واقعے میں وزیرِ اعظم کے بھانجے حسان نیازی کو نامزد کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، حسان نیازی تاحال گرفتار نہیں ہوئے اور آج انہوں نے اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کر والی ہے۔

تازہ ترین