اسلام آباد(جنگ نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف سے متعلق عدالتی فیصلے میں پیرا 66 ایک جج کی رائے ہے، ان کے خیال میں اداروں میں تصادم نہیں ہوگا جبکہ حکومت ہمیشہ کنفیوژڈ رہتی ہے، امید ہے اصغر خان، اکبر بگٹی، بے نظیر بھٹو اور کارگل کیس کے فیصلے بھی جلد آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کیس کے فیصلے پر میں نے اپنا تفصیلی مؤقف دیا ہے، جوڈیشل فورم ہے، اپیل کا موقع بھی ہے، حکومت یا پرویزمشرف اپیل کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں، حکومت ہمیشہ کنفیوژڈ رہتی ہے، اس کے ردعمل پر اب میں کیا کہوں؟
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف سے متعلق عدالتی فیصلے کا پیرا گراف 66، فیصلے کا آپریشنل حصہ نہیں ہے، نہ ہی یہ ججمنٹ کا حصہ ہے بلکہ یہ ایک جج کی رائے ہے جس سے کسی دوسرے جج نے اتفاق نہیں کیا۔
اداروں میں تصادم سے متعلق سوال پر بلاول کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان تصادم ہوتا نہیں دیکھ رہا۔