بارسلونا (شفقت علی رضا) پاکستان مسلم لیگ ن سپین کے صدر حاجی راجہ اسد حسین، سینئر نائب صدر میاں عمران ساجد نے اپنے مشترکہ بیان میں سینئر مسلم لیگی رہنما احسن اقبال کی گرفتاری پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے ، انہوں نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت انتقامی سیاست کو فروغ دے رہی ہے اور بے گناہ مسلم لیگیوں کو گرفتار کرکے یہ ثابت کرنے کی بھونڈی کوشش کر رہی ہے کہ ہماری حکومت بالکل ٹھیک ہے اور ہم کرپٹ لوگوں کو پکڑ رہے ہیں ، حاجی اسد اور میاں عمران ساجد کا کہنا تھا کہ حکومت ایسی گرفتاریوں سے مسلم لیگیوں کے دلوں سے اُن کے قائدین کی محبت کو ختم نہیں کر سکتی اور وہ دن دور نہیں جب لیگی رہنمائوں کی بلا وجہ گرفتاریوں کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سپین بہت جلد حکومت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف یورپ بھر میں تحریک شروع کرے گی ۔