اسلام آباد (عاطف شیرازی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی گرفتاری کی صورت میں لیاقت باغ راولپنڈی میں 27 دسمبر کا جلسہ سنگین تصادم کی صورتحال اختیار کر سکتاہے، گرفتاری کی صورت میں پیپلز پارٹی کے جیالے بھر پور مزاحمت کرینگے،
جلسہ میں بینظیر بھٹو شہید کی آخری تقریر بھی چلائی جائیگی، اس حوالے سےحساس اداروں نے رپورٹ مرتب کر لی ہے ، ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بینظیر کی برسی بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں کر رکھی ہیں اعلی ٰ قیادت کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن کے پارٹی رہنمائوں کو ایک لاکھ جیالے لانے کا ٹاسک دیا گیا ہےجس کو پورا کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں،
12 سال بعد بینظیر کی جائے شہادت پر پہلی دفعہ برسی کے موقع پر بلاول بھٹو یادگار جلسہ کرینگے،
شہرمیں دیوہیکل بل بورڈ آویزاں کردیئے گئے ہیں جس پر بی بی شہید کی تصاویر اور مزاحمتی وانقلابی اشعار درج ہیں، حکومت کی جانب سے تاحال لیاقت باغ میں جلسہ کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔