نارنگی دنیا کے مشہور ترین پھلوں میں سے ایک ہے، جسے عام زبان میں میٹھا سنگترہ یا کینو بھی کہا جاتا ہے۔ یہ پھل citrus x sinensis نامی درخت پر اُگتا ہے، جس کاتعلق پھلوں کی ایک بڑی قسم سے ہے، انہیں سٹرس فروٹ بھی کہا جاتا ہے۔ اس پھل کی کاشت کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ مشرقی ایشیا میں اس پھل کی کاشت ہزاروں سال قبل ہوئی تھی مگر آج یہ پھل دنیا کے بیشتر گرم علاقوں میں کاشت کیا جاتا ہے، جس کا تازہ رس دنیا بھر میں بڑے شوق سے استعمال کیا جارہا ہے۔
نارنگی کے فوائد کی بات کریں تو یہ پھل وٹامن سی، فولیٹ، تھیامین اور اینٹی آکسیڈنٹس کا مجموعہ سمجھا جاتا ہے اور یہ تمام خصوصیات نارنگی کو صحت کے لیے بے شمار فوائد کا سبب بناتی ہیں۔ آج کے مضمون میں ہم قارئین کو نارنگی سے حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
غذائی اجزاء
100گرام کا نارنگی درج ذیل غذائی اجزاء پرمشتمل ہوتا ہے ۔
٭کیلوریز ۔۔۔۔ 47
٭ پانی ۔۔۔۔۔87فیصد
٭پروٹین ۔۔۔۔0.9 گرام
٭ کاربس ۔۔۔۔11.8گرام
٭چینی ۔۔۔۔۔9.4گرام
٭فائبر ۔۔۔۔2.4گرام
٭ چربی ۔۔۔۔ 0.1گرام
کاربس:نارنگی بنیادی طور پر کاربوہائیڈریٹس اور پانی کی زائد مقدار پر مشتمل ہوتا ہے، سادہ شکر مثلاً گلوکوز ،فرکٹوس اور سکروز کاربوہائیڈریٹس کی صورت ہی پائے جاتے ہیں۔ یہی نہیں، یہ جزو پھلوںمیں میٹھے ذائقہ کی وجہ بھی بنتے ہیں۔
فائبر:نارنگی کو فائبر کا بھی اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایک بڑے سائز کا نارنگی، فائبر کے استعمال کی روزانہ مقدار کا 18فیصد انسانی جسم کو فراہم کرتا ہے۔ نارنگی میں پیکٹن، سیلولوز،ہیمیسیلولوز اور لگنن کی صورت میںفائبر پایا جاتا ہے۔
وٹامنز اور منرلز :نارنگی کو لحمیات اور معدنیا ت بالخصوص وٹامن سی، فولیٹ، پوٹاشیم اور تھیا مین کی فراہمی کا اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے ۔
دیگر نباتاتی اجزاء:نارنگی دیگر خاص نباتاتی اجزاء، مثلاً بائیو ایکٹو پلانٹ کی فراہمی کے حوالے سے بھی خاصا مددگار پھل ہے۔ واضح رہے کہ بائیو ایکٹو پلانٹ انسانی جسم کو صحت بخش اثرات فراہم کرنے کے حوالے سے مددگار ہوتا ہے۔ نارنگی میںاینٹی آکسیڈنٹس اور پلانٹس کمپاؤنڈ کی دو مخصوص اقسام کیروٹینوائڈ اور فینولک پائی جاتی ہیں۔
دل کی صحت
اس وقت قلبی بیماریاں جلد موت کا سب سے عام سبب ہیں۔ نارنگی میں پایا جانے والا فلیوونوائڈبالخصوص ہیسپیریڈن قلبی بیماریوں کے خلاف مزاحمت کا کام سرانجام دیتا ہے۔ انسانوں پر کیے جانے والے طبی مطالعات سے یہ بات ثابت ہے کہ چار ہفتوں تک نارنگی کے جوس کا استعمال خون پتلا کرنے میں مدد دیتا ہے، یہ کیفیت بلڈپریشر میں نمایاں طور پر کمی لاتی ہے۔ بلڈپریشر کو کم کرنے کے لیے نارنگی میں موجود فائبر بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ سٹرس فروٹس میں پایا جانے والا فائبر کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتا ہے ۔
گردے میں پتھری سے بچاؤ
نارنگی کو سٹرس ایسڈ اور سٹریٹ کا اچھا ذریعہ بھی تسلیم کیا جاتا ہے،جن سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ گردوں کو پتھری سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے خاص اہم ہیں۔ گردوں میں پتھری والے مریضوں کو پوٹاشیم سٹریٹ کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے اور نارنگی میں سٹریٹ کی یہی قسم پائی جاتی ہے۔
خون کی کمی دور کرنا
آئرن (فولاد) انسانی جسم کو ہیموگلوبن بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اگر آپ کے جسم میں فولاد کی سطح میں کمی واقع ہوتی ہے، تو اس کا مطلب آپ کے خون کے سرخ خلیات میں خاطر خواہ ہیموگلوبن نہیں ہو گا۔ اس طرح آپ کے جسم میں آکسیجن لے جانے کے لئے خون کے سرخ خلیات کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔
نارنگی کو آئرن کا اہم ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے،ساتھ ہی اسے آرگینک ایسڈ جیسے کہ وٹامن سی (ایسکوربک ایسڈ) اور سٹرس ایسڈ کا بھی اہم ذریعہ مانا جاتا ہے۔ یہ آرگینک ایسڈ جسم میں ہاضمے کے ذریعے آئرن جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتے ہیں۔
قوت مدافعت بڑھنا
صحت مند قوت مدافعت کے لیے انسانی جسم میں وٹامن سی کی خاص مقدار ہونا ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سردیوں کا یہ پھل انسانی جسم کو سردی کے عام امراض یعنی نزلہ بخار کھانسی وغیرہ سے محفوظ رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔
معدے کے امراض سے نجات
دنیا بھر میں معدے کے امراض عام ہیں، اس کیفیت کا سامنا انسان کو کسی بھی وقت کرنا پڑسکتا ہے۔ تاہم اس پھل میں موجود فائبر انسانی معدے کے لیے نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ معدے کے جملہ امراض سے نجات دلاتا ہے۔ نارنگی قبض اور معدے کے السر سے بھی نجات دلاتا ہے۔