• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس نوجوان نے 19 کلو وزن کیسے کم کیا؟

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے ایسے پاکستانی نوجوان کی کہانی شائع کی ہے جو صرف پانچ ماہ میں 19 کلو وزن کم کرنے میں کامیاب رہا۔

رپورٹ کے مطابق نوجوان کا نام محمد علی ولد محمد خلیل ہے، نوجوان کی دو برس قبل شادی ہوئی جس کے بعد اُس کا وزن 82 سے 98 کلو تک پہنچ گیا۔

محمد علی کا کہنا تھا کہ ’میں ہر وقت کھاتا پیتا رہتا تھا، جب وزن 100 کلو گرام سے تجاوز کرگیا تو اُس کے بعد مجھے کم کرنے کا خیال آیا کیونکہ موٹاپے کی وجہ سے میری صحت کو شدید مسائل پیش آرہے تھے‘۔

’میں نے وزن کم کرنے کا حتمی ارادہ کیا اور 15 جولائی کو جم جوائن کیا جہاں ابتدائی دو ہفتے تک روزانہ ایک گھنٹہ ورزش کی تو میرا وزن چار کلو گرام تک کم ہوا، پھر مجھے یقین ہوا کہ موٹاپے کو ختم کیا جاسکتا ہے‘۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ جب وزن کم کرنے کا مشن شروع کیا تو میں نے سب سے پہلے اپناکھانے پینے کا شیڈول بنایا ، جس سے مجھے کافی مدد ملی اور ایک ہفتے کے دوران ہی ڈیڑھ کلو گرام تک وزن کم ہوا۔

محمد علی نے بتایا کہ ’میں فاسٹ فوڈ بہت زیادہ کھاتا تھا جس کی وجہ سے میرا وزن بڑھا اور ایک وقت ایسا آیا کہ میرے کپڑے بھی چھوٹے ہونے لگے تھے، اس بات کی مجھے کوئی پرواہ نہیں تھی مگر سانس پھولنے اور اٹھنے بیٹھنے میں مشکلات ہوئیں تو میں نے وزن کم کرنے کی ٹھانی۔‘

پاکستانی نوجوان نے بتایا کہ ’میں نے جب وزن کم کرنے کا ارادہ کیا تو سب سے مشکل مرحلہ خوراک پر قابو پانا تھا، اس دوران مجھے شدید غصہ بھی آیا، مگر اپنے فیصلے پر ڈٹا رہا اور پانچ ماہ بعد ہی میں نے اپنا ہدف حاصل کیا‘۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ میں نے 78 سے 80 کلو تک وزن کم کرنے کا ہدف بنایا تھا جسے میں نے حاصل کرلیا اور اب میں کاروباری مٹینگز میں بھی خود اعتمادی کے ساتھ جاتا ہوں۔

محمد علی نے وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایک بار فیصلہ کر کے اس پر ڈٹ جائیں کیونکہ یہ حوصلہ افزا بات ہے، کھانے پینے میں تھوڑی احتیاط ، روزانہ ورزش سمیت چھوٹی چھوٹی چیزوں پر عمل کر کے موٹاپے سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین