• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
بیلجیئم کی معروف یونیورسٹی امام کورس شروع کرے گی
 کورس کے حوالے سے مسلم ایگزیکٹیو کونسل نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

بیلجیئم میں مسلمانوں کے لیے امام اب باہر سے نہیں آئیں گے بلکہ اُنہیں اندرون ملک ہی تعلیم دی جائے گی۔ اس حوالے سے بیلجیئم کی معروف یونیورسٹی KU Leuven فروری میں اپنا پہلا امام کورس شروع کرنے جارہی ہے۔

یہ کورس 6 سال پر مشتمل ہوگا جس میں سے 4 سال مذہبی اور 2 سال یونیورسٹی کی تعلیم دی جائے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پہلے کورس میں ہی 30 مقامی طلبہ کی شمولیت متوقع ہے۔

اس کورس کی ابتداء کا ایک اہم سبب وہ پارلیمانی رپورٹ ہے جس نے 2016 میں ایئرپورٹ سمیت دارالحکومت میں ہونے والے بم دھماکوں کی وجوہات کا جائزہ لیا تھا۔

رپورٹ میں بیلجیئم کے مسلم نوجوان شدت پسندی کی ایک اہم وجہ ان اماموں کی تقاریر کو ٹھہرایا گیا تھا جو مسلمانوں کے آبائی ملکوں سے آئے ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں تجویز کیا گیا تھا کہ مسلم امام اسی معاشرے کا حصہ ہونے چاہئیں۔ اس حوالے سے بیلجیئم میں فلامش علاقے کی حکومت نے مسلم ایگزیکٹیو کونسل اور فیڈرل گورنمنٹ کے تعاون سے مذکورہ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر یہ کورس ترتیب دیا ہے۔ 

اس کورس کے حوالے سے مسلم ایگزیکٹیو کونسل نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جس کا خیال ہے کہ مسلم تعلیمات کے بارے میں مقامی آبادی اور حکومت کے غلط خدشات دور کرنے کا یہی ایک بہترین طریقہ ہے کہ یہاں کے پیدائشی اور مقامی زبانوں پر عبور رکھنے والے افراد مسلم مذہبی تعلیمی ضروریات کو پورا کریں۔

تازہ ترین