’انٹرٹینمنٹ وال‘ کو گھر کے کسی بھی حصے کا ایک اہم فیچر قرار دیا جاسکتا ہے، ایک ایسا فیچر جو پورے کمرے کی آرائش پرا ثر انداز ہوسکے۔ عام طور پر گھروں میں انٹرٹینمنٹ یا ٹی وی وال کے لیے لیونگ روم کا ہی انتخاب کیا جاتا ہے کیونکہ یہ وہ حصہ ہےجس کی آرائش ایک طرف اہل خانہ کے فرصت کے لمحات کا مزہ دوبالا کرتی ہے تو دوسری جانب گھر آنے والے مہمان بھی آپ کے جمالیاتی ذوق کے سحر میں مبتلا ہوجاتےہیں۔
تاہم، لازم نہیں کہ انٹرٹینمنٹ وال کی تعمیر صرف لیونگ روم میں ہی کروائی جائے بلکہ بیڈروم،بیسمنٹ، تھیٹر روم اور پلے روم وغیرہ میں بھی اس کی تعمیر کے ذریعے گھر کے مختلف حصوں کی چکا چوند میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ انٹرٹینمنٹ وال کے لیے مارکیٹ میں دستیاب ٹی وی کی جدید شکلوں مثلاً ایل سی ڈی، پلازما، Flat، ایل ای ڈی، ریٹینا، کرسٹل اور تھری ڈی جیسی ٹیکنالوجیز کی تنصیب ہی کافی نہیں، ان کے ساتھ خوبصورت، منفرد اور پرتعیش دیوارکا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ اس دیوار کی تعمیر کے لیے کچھ منفرد اور مختلف اسٹائلش ڈیزائن قارئین کی رہنمائی کے لیے پیش نظر ہیں۔
لکڑ ی سے بنی وال
عام طور پر لکڑی کا استعمال فرش اور فرنیچر کے لیے کیا جاتا ہے لیکن آپ انٹرٹینمنٹ وال کے لیے بھی لکڑی کا استعمال بیک ڈراپ کے طور پر کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ عام دیواروں پر بھی رنگین اور معیاری لکڑی کا بیک ڈراپ نصب کروایا جاسکتا ہے۔
لکڑی سے بنوایا گیا بیک ڈراپ ایک الگ شان اور دلکشی رکھتا ہے، ساتھ ہی اس بیک ڈراپ کے ہمراہ چوڑائی میں بنوائی گئیں ایک یا دو کونسول ٹیبل بھی اس ڈیزائن کی شان بڑھانے کے لیے مناسب سمجھی جاتی ہیں۔ کونسول ٹیبل کی اوپری سطح پر ٹی وی کی تنصیب کروانا آپ کی پسند پر منحصر ہے، تاہم ایک سائیڈ کو آرائشی اشیا، آرٹ پیس یا معیاری پینٹنگز وغیرہ کے لیے مختص کرکےآپ اس ڈیزائن کو کثیر الجہتی مقاصد کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔
بک شیلف
کیا آپ بھی مطالعہ کے بے حد شوقین ہیں؟ لیکن گھر میں لائبریری نہ ہونے کی وجہ سے کتابوں کو حفاظت سے رکھنے کے حوالے سے پریشان ہیں؟ اگر ایسا ہے تو انٹرٹینمٹ وال آپ کے لیے لائبریری ایریا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔ اس کے لیے دوران تعمیر تھوڑی سمجھ بوجھ کی ضرورت ہے۔ لیونگ روم کی مرکزی دیوار پر چاروں اطراف بک شیلف بنوائیں، یہ شیلف عام طور پر سفید رنگ کے ہوتے ہیںمگر دورِجدید میں شوخ رنگوں کے شیلف زیادہ پسند کیے جارہے ہیں۔
شیلف اس اندازمیں بنوائے جائیں کہ مرکز میں فریمنگ ایریا ٹی وی یا ایل سی ڈی کی تنصیب کے لیے بھی دستیاب رہے۔ ایک اور ٹرینڈ یہ بھی ہے کہ آپ دیوار کی اوپری سطح شیلف اور نچلی سطح ٹی وی ایریا کے لیے مختص کر سکتے ہیں۔
کھڑکی
چونکہ ان دنوں عام طرز کی کھڑکیوں کے بجائےبڑی کھڑکیاں ٹرینڈ میں ہیں، ایسے میں انٹرٹینمنٹ وال کی تعمیر بھی کھڑکیوں کے ساتھ کروائی جاسکتی ہے۔ یہ آپ کے لیونگ روم کو روایتی مہمان خانے سے ہٹ کر جدید تعمیری انداز فراہم کرے گی۔ لیونگ روم کے علاوہ بچوں کے لیے مختص کیے گئے پلے روم میں بھی یہ ڈیزائن ترتیب دیا جاسکتا ہے۔
کھڑکی کے ہمراہ انٹرٹینمنٹ وال کی تعمیر کے لیے آپ کو روایتی سوچ سے ذرا منفرد انداز اپنا نا ہوگا۔ دیوار کی لمبائی کو پیش نظر رکھتے ہوئےایک بڑی کھڑکی بنوانے کے بجائے اوپر نیچے دو کم چوڑائی والی کھڑکیوں کی تعمیر کروائیں۔
اگر آپ کے لیونگ روم کی مرکزی دیوار زیادہ چوڑی ہے تو پھر دائیں بائیں رُخ 4کھڑکیاں بنوائی جاسکتی ہیں۔ درمیانی جگہ عموماً ٹی وی کی تنصیب کے لیے مختص ہوتی ہے، لہٰذا اس کی چوڑائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے لکڑی یا کسی دوسرے مواد کا کوئی ایسا بیک ڈراپ منتخب کریں جو آپ کے بجٹ پر بھی گراں نہ گزرے۔ اس بیک ڈراپ پر ٹی وی کی تنصیب اور دائیں طرف خوبصورت بڑی کھڑکیاں دوسروں کو آپ کے ذوق کی داد دینے پر مجبور کردیں گی۔
پتھر کا فریم
مختلف اقسام کے پتھروں سے دیواروں کی تعمیر کا ٹرینڈ ایک بار پھر مقبول ہورہا ہے۔ انٹرٹینمنٹ وال کے لیے پتھرسے بنا ٹی وی بیک ڈراپ بھی ایک بہترین آئیڈیا ثابت ہوسکتا ہے، جس کی تعمیر آپ کے مہمانوں کو حیرت میں مبتلا کردے گی۔ عام طور پر یہ اسٹائل برطانوی فائیو اسٹار ہوٹلوں میں دیکھا جاتا ہے، جو آپ کے گھر کو بھی وہی انداز فراہم کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔
فلوٹنگ شیلف
کہتے ہیں کبھی کبھی سجاوٹ پر ہزاروں روپے خرچ کرنے کے باوجود سادگی بہتر ثابت ہوتی ہے۔ فلوٹنگ شیلف بھی انہی میں سے ایک ہیں، جو لکڑی کے چھوٹے اور بڑے دونوں سائز میں دستیاب ہوتے ہیں۔ انہیں لیونگ روم کی انٹرٹینمنٹ وال پر مختلف اسٹائلش طریقوں سے نصب کیا جاسکتا ہے۔
یہ شیلف ایک طرف کمرے کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں تو دوسری طرف آرائشی اشیا، ڈیکوریشن کلاک اور انعامات و ٹرافی وغیرہ رکھنے کے بھی کام آتے ہیں۔ دیوار کے آگے کی جانب ایل سی ڈی کی تنصیب اور چھت پر لٹکتے خوبصورت فانوس کے ذریعے آپ کا لیونگ روم خوب دلکش لگے گا۔
غیر معمولی ڈیزائن
اگر آپ انٹرٹینمنٹ وال کی تعمیر کے لیے معمول سے ہٹ کر کچھ منفرد دیکھنے کے خواہشمند ہیں تو روایتی دیواروں کی تعمیر کے برعکس منفرد ڈیزائن کا انتخاب کریں ، منفرد اور غیر معمولی ڈیزائن کی تعمیر کے لیے ایک سادہ سی پینٹ ہوئی دیوار بھی بہترین انتخاب ہے ، اس دیوارسے ذرا کچھ فاصلے پر ٹی وی یا ایل ای ڈی کے سائز کا جیومیٹریکل شیپ والا ٹی وی اسٹینڈ لکڑی یا میٹل کا تعمیر کروایا جاسکتا ہے ، کلاسیکل لیونگ روم لک کے لیے سفید رنگ کا اسٹینڈ زیادہ مناسب رہےگا ۔
اسٹینڈ کے متضاد رخ اسی مواد اور ڈیزائن کا عمودی اسٹینڈ تعمیر کروائیں اور ڈیکوریشن پیسز اور دیگر موسیقی آلات سے اسے سجائیں۔