• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اداروں میں ٹکراؤ کے ذمہ دار حکمران، 2020ء میں بلاول وزیراعظم ہونگے،پیپلز پارٹی

 2020ء میں بلاول وزیراعظم ہونگے،پیپلز پارٹی


راولپنڈی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے پاس ’’یوٹرن پالیسی ‘‘کے علاوہ ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا کوئی پروگرام نہیں، 22 سالہ جدو جہد کا دعویٰ کرنے والا عمران خان کیا جانے کہ جد و جہد کیا ہوتی ہے، جد وجہد میں خون دینا پڑتا ہے۔

بلاول بھٹو ایسے وقت میں میدان میں نکل کھڑے ہوئے ہیں جب یزیدی حکمرانوں کے سامنے کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، بلاول بھٹو ملک کے کونے کونے میں پاکستان پیپلز پارٹی کا علم بلند کریں گے، اداروں میںٹکرائو کے ذمہ دار حکمران ہیں، 2020 میں بلاول وزیر اعظم ہوں گے، ان خیالات کا اظہارمقررین نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی 12ویں برسی کے موقع پر لیاقت باغ میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرپیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سابق وفاقی وزرا اطلاعات قمر زمان کائرہ ،شیری رحمان، وزیر اعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ، سابق سینیٹر اعتز ازاحسن، سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر، سابق سینیٹر رضا ربانی، رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا، سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ، ڈویژنل صدر سردار سلیم حیدر ، سٹی صدر بابر سلطان جدون نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بے نظیر کی برسی لیاقت باغ میں منانا آصف علی زرداری کا درست اور دانشمندانہ فیصلہ تھا، آج یہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ بن چکا ہے، بے نظیر بھٹو نے 12 سال قبل یہاں اپنے خطاب میں ملک و قوم کی ترقی کا پلان جاری کیا تھا۔

اب بلاول بھٹو زرداری اس ادھورے مشن کی تکمیل کے لئے پہنچ چکا ہے، بے نظیر نے اپنے آخری خطاب میں کہا تھا کہ سوات ، مالاکنڈ میں دوبارہ پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے، آج کشمیر میں جو حالات ہیں اگر بے نظیر زندہ ہوتی تو کشمیر کا یہ حشر نہ ہوتا جب ہم اقتدار میں تھے تو کالے قوانین ختم کر کے معلومات تک رسائی دی، آج میڈیا پر قدغن ہے۔

سابق سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی نے ایک بارپھر ثابت کر دیا کہ نظریات کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا،پیپلز پارٹی اپنی پرانی روایات پر قائم ہے، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک بار پھر انقلاب برپا کرے گی، یہ وہ جائے شہادت ہے جہاں بے نظیر نے اپنے آخری سانس لئے۔

یہاں جلسے کا انعقاد پارٹی کارکنوں کے لئے ایک بڑا اقدام ہے، وقت ثابت کرے گا کہ پنڈی میں برسی کی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ بروقت اور درست تھا اب کارکنوں کے اندر سے بے نظیر بھٹو کی آواز آئے گی اور بلاول بھٹو ملک کے کونے کونے میں پیغام پہنچائیں گے۔

آج قوم کی نظریں بلاول بھٹو زرداری پر ہیں نوجوان قیادت نے کئے بزرگ سیاستدانوں کے لئے شائستگی کا پیغام ہے ،عمران خان سلیکٹڈ وزیر اعظم بن گیا ہے ہمیں بھٹو اور بے نظیر کے 5 اصولوں کے طرف واپس لوٹنا ہو گا آج دنیا میں ایک بحران ہے اب ہم نے نڈر ہو کر پیپلز پارٹی کا نعرہ لگانا ہے کیونکہ خون بے نظیر سے انقلاب آئے گا۔ 

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج اس عظیم قائد کی برسی ہے جس نے اپنا سب کچھ پاکستان اور غریب عوام کے لئے قربان کر دیا جس نے ساری زندگی جدوجہد کی بے نظیر کے عظیم باپ ذوالفقار بھٹو کو اسی شہر میں پھانسی کے پھندے پر لٹکا یا گیا اس وقت بے نظیر نے کم عمری میں جد و جہد کا آغاز کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے کو بھی سر نگوں نہیں ہونے دیا یہ اس پاب کی بیٹی تھی جس نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔

تازہ ترین