• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا

برسلز (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم کی جانب سے بے نظیر بھٹو شہید کی بارہویں برسی عقیدت کے ساتھ ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منائی گئی۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے حاجی ظفر نے کیا۔پروگرام کی صدارت سینئر رہنما شیخ شکیل نے کی جب کہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عامر نے ادا کیے۔ برسی کی تقریب میں پارٹی کارکنان اور رہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ بھٹو خاندان نےملک کے لئے جانیں قربان کیں تاکہ ملک میں جمہوریت کا بول بالا ہو۔سینئر رہنما نواز بٹ نے کہا کہ شہید ذولفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ملک وقوم کے لئے لازوال قربانیاں دے کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔پی پی پی بلجیم کے بانی رہنما چوہدری جاوید نےکہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی اصولوں پرسمجھوتہ نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ بھٹو کسی شخصیت کا نام نہیں بلکہ بھٹو ایک نظریئے کا نام ہے اور جب تک حب الوطنی کا تذکرہ ہے بھٹو کا نام زندہ رہے گا۔بانی رکن چوہدری افتخار عرف پابلو نے مطالبہ کیا کہ بے نظیر بھٹو شہید کے قاتلوں کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔خالد محمود، شیراز بٹ نے کہا کہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو عدلیہ کی طرف سے سنائی گئی پھانسی کی سزا پر فوری عمل درآمد کیا جائے ۔انھوں نے کہا کہ پی پی پی کی قیادت نے پاکستانی عوام کے حقوق کے تخفظ کی خاطر کلیدی اقدامات اٹھائے تاکہ ملک مضبوط ومستحکم ہو۔ ملک اخلاق اعوان نے کہا کہ ہمیں بھٹو کے نظریئے کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔پروگرام کے اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو،محترمہ بے نظیر بھٹو اور پی پی پی کے دیگر رہنما جو دار فانی سے کوچ کرگئے ہیں ان کے لیے اور پاکستان کی سلامتی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔مقررین نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں کی دلدل سے باہر نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔آئندہ سال میں پیپلز پارٹی دوبارہ حکومتی ایوانوں میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

تازہ ترین