• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ن لیگ نے حکومت کی حمایت پراپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا‘ بلاول

بلاول بھٹو کی  آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے حوالے میڈیا سے گفتگو


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شکوے کا اظہار کیا ہے کہ ن لیگ نے حکومت کی آرمی ایکٹ ترمیم کی حمایت پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا ۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بل پر حکومتی موقف بہت کنفیوزڈ رہا ہے ، یہ بل لانے سے پہلے حکومت نے عدالت میں ری ویو بھی فائل کیا ہے ، بل اچانک اور اس طریقے سے لایا گيا ہے کہ پارلیمانی اقدار کو نہیں اپنایا گيا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزيشن کو شامل کرتی تو اب تک سارا عمل مکمل ہوچکا ہوتا ۔اس میں حکومت کا ہی فائدہ ہے کہ بل پارلیمانی طریقے سے پاس ہو ، ن لیگ نے غیر مشروط سپورٹ دینے کے فیصلے سے اپوزیشن کو آن بورڈ نہیں لیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی پارلیمانی طریقہ کار کو ایک طرف رکھنا چاہتے ہیں ،اس طریقہ کار سے ہمارے ادارے فوج کے ادارے کو نقصان ہو گا، ہم وہی غلطیاں پھر سے دہرا رہے ہیں جو نوٹیفیکشن کے وقت ہوا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اورقائد حزب اختلاف ہماری حمایت چاہتے ہیں تو پارلیمانی طریقہ کار پر کام کریں، اس بل کو دفاع کمیٹی کے سپرد کریں، امید کرتا ہوں کہ حکومت ہماری بات مانے گی ،بہتر ہو گا کہ بل اتفاق رائے سے منظور ہو۔

تازہ ترین