• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے پاکستان میں ہونے والی تمام تر تبدیلیاں مبارک!

پاناما کے الزام میں پکڑے جانے اور اقامہ کی سزا بھگتنے والے تین ٹرم کے وزیراعظم نواز شریف کی جیل یاترا کے بعد ضمانت اور پھر لندن کا سفر مبارک ہو!

میمو گیٹ اسکینڈل میں غداری کے الزام زدہ مالی کرپشن میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کی بالآخر ضمانت اور پھر کراچی روانگی مبارک !

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طویل ہوتی قید اور خیر سے اب احسن اقبال کی گرفتاری بھی مبارک؟

سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی نہ سمجھ میں آنے والی قید مبارک اور اب ضمانت مبارک!

سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور ان کے رفقا کی قید مبارک!

سابق حکومت کے چیدہ چیدہ بیورو کریٹس، ٹیکنو کریٹس، اعلیٰ پولیس اور انتظامی افسروں اور مختلف اداروں کے سربراہوں کی پے درپے گرفتاریاں اور جیلیں مبارک!

’’پی ٹی آئی‘‘ کے پانچوں عیب شرعی سے پاک شفاف اخلاق و کردار کے وزراء، مشیر اور ارکانِ پارلیمنٹ اور حکومت کے رفاہِ عامہ کے فلاحی منصوبہ جات اور پشاور کا ’’بی آر ٹی‘‘ مبارک!

’’پی ٹی آئی‘‘ کی مخالف سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون، جمعیت علمائے اسلام کے بڑی تعداد میں کرپشن کے الزام زدہ رہنمائوں کے مقدمات مبارک!

مبارک بادوں کے طومار ہیں جو اس بے جادہ و منزل قوم کو دیے جا سکتے ہیں مثلاً بڑھتی ہوئی مہنگائی مبارک، گرتی ہوئی معیشت مبارک! ڈالر کی اونچی پرواز اور روپے کی تنزلی مبارک! آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، سعودی عرب، چین، امارات اور دیگر ملکوں سے لئے جانے والے قرضہ جات مبارک! نہ بدلتا ہوا محکمہ پولیس مبارک، سرکاری دفاتر میں چائے پانی لے کر کام کرنے کا نظام مبارک!

مبارک ہو کہ حکمت، سیاست و جمہوریت ہار گئی اور ’’مائیٹ از رائیٹ‘‘ کا فلسفہ جیت گیا!

مبارک ہو کہ قومی سیاست میں متانت، شرافت، بردباری اور شائستگی کی عزت تار تار ہوئی اور چھوڑوں گا نہیں جیسا ڈان ازم دندناتا پھرتا ہے!

نان جویں کو ترستے عوام کی اکثریت کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کے وعدہ وعید بھی مبارک!

اس بے یار و مددگار جلتی کڑھتی قوم کو عمران خان جیسا چھکے پر چھکا لگاتا وزیراعظم اور شیخ رشید، فردوس عاشق اعوان، فواد چوہدری، زرتاج گل، شہزاد اکبر اور فیاض الحسن چوہان جیسے ’’نابغے‘‘ وزیر و مشیر اور سینیٹ میں صادق سنجرانی مبارک!

اوور سیز پاکستانیوں کی ملک کے اندر املاک و جائیدادوں پر مسلسل قبضے ہو رہے ہیں لیکن انہیں وفاق میں اوور سیز پاکستانی کمیشن اور پنجاب کا اوور سیز پاکستانی کمیشن مبارک، انہیں انیل مسرت اور زلفی بخاری بھی مبارک!

مبارک ہو کہ وکیلوں نے ’’پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی‘‘ پر حملہ کر دیا اور حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہ دی اور اب یہ قصہ پارینہ ہو چکا ہے!

72سالہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ یہ بھی ہو گیا کہ وزیراعظم کی طرف آرمی چیف کو دی گئی توسیع کو چیلنج کیا گیا اور سپریم کورٹ نے اس روایت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اس میں سقم کی نشاندہی کی، عدلیہ کی اس بالادستی پر بھی قوم کو مبارک ہو!

آئین توڑنے والے آمر پرویز مشرف کو عدالت نے پھانسی کی سزا سنا دی۔ مبارک ہو عدلیہ مضبوط ہو گئی!

مبارک ہو کہ دو سا ل پہلے ملک بھر میں تقریباً تین کروڑ بچے جو اسکول نہیں جاتے تھے وہ آج بھی اسکول سے باہر ہیں!

مبارک ہو کہ اقربا پروری، رشوت ستانی، دھونس دھاندلی، ونی کی رسم، قرآن سے شادی، جہیز کی لعنت، غیر تہذیب یافتہ قبائلی نظام ملک کے طول و عرض میں آج بھی موجود ہے۔ مبارک ہو کہ غریب کی بیٹی جہیز نہ ہونے کی وجہ سے پہلے کی طرح آج بھی گھر بیٹھے بوڑھی ہو رہی ہے۔ غربت و افلاس کے ہاتھوں تنگ والدین آج بھی اپنے بچوں پر برائے فروخت کی تختیاں لگائے چوراہوں پر گاہکوں کے انتظار میں ہیں!

مبارک ہو کہ ڈگری ہونے کے باوجود ملازمت نہ ملنے پر آج بھی نوجوان خودکشیاں کر رہے ہیں!

مبارک ہو کہ گھوڑے، گدھے، مردہ جانوروں اور کتوں تک کا گوشت آج بھی بک رہا ہے، دودھ سے کھانے پینے کی تمام اشیا میں مضر صحت چیزوں کی ملاوٹ بھی عروج پر ہے، جان بچانے والی دوائیں اسپتالوں کے ڈاکٹروں کی ملی بھگت سے آج بھی مریضوں کو نہیں دی جا رہی ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں مناسب علاج نہ ہونے کی وجہ سے آج بھی ’قانونی‘ قتل عام ہو رہا ہے!

مبارک ہو کہ مزدور کی قسمت آج بھی نہیں بدلی، کسان کا مقدر آج بھی نہیں چمکا، ملک کا شوگر مافیا آج بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے بلکہ حکومت میں شامل ہو کر مزید طاقتور ہو چکا ہے!

مبارک ہو کہ صوبوں کی محرومیاں آج بھی ویسی ہی ہیں جیسی دہائیوں پہلے تھیں اور یہ بھی مبارک ہو کہ جنوبی پنجاب صوبہ نہیں بن رہا!

مبارک ہو کہ پرانے پاکستان میں ہمیشہ جو کشمیر ہماری شہ رگ ہوا کرتا تھا ہندوستان نے آرٹیکل 370کو ختم کرکے اسے کاٹ دیا اور پاکستان چپ ہے!

لہٰذا اگر تو کچھ بدلا ہے تو پھر آپ سب کو نیا پاکستان بھی مبارک ہو اور نیا سال بھی!!

تازہ ترین