• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدان اچھے بچے،بلاول کو پتہ نہیں ن لیگ نے کتنی بار ڈسا،حسن نثار

کراچی(جنگ نیوز)سینئرتجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر جماعت اسلامی کے ووٹ دینے سے کوئی فرق پڑتاتو وہ بھی ووٹ دیتے، ہمارے سیاستدان اچھے بچے ہیں معاملات کو سمجھتے ہیں،بلاول یہ نہیں جانتا کہ ن لیگ کے سوراخ سے وہ اور اس کا خاندان کتنی بار اور کس بری طرح ڈسا جاچکا ہے،حکومت کا مسئلہ ہے کہ لوگوں کو بہت سی چیزیں سمجھا نہیں پارہی ہے، عثمان بزدار کا کالجز،یونیورسٹیاں قائم کرنا بہت زبردست اقدام ہے لیکن پرائمری ایجوکیشن اور آبادی کنٹرول کرنے پر توجہ دینا سب سے زیادہ اہم ہے، عثمان بزدار اس پر فوکس کرلیں تو وسیم اکرم پلس ہوں نہ ہوں وسیم اکرم ثابت ہو جائیں گے سانحہ پی آئی سی پر صوبائی وزیرقانو ن کی رپورٹ انتہائی افسوسناک ہے، جن لوگوں نے یہ طوفان بدتمیزی بپا کیا انہیں کلین چٹ دے کر پولیس کو مورد الزام ٹھہرادیا گیا، ہمارے ہاں ہر شعبہ میں برادریاں دراصل مافیاز ہیں جو طاقتور ہوکر حکومتی رِٹ کو ٹھنڈے مارتے ہیں۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔ حسن نثار نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس اب سوائے خاموشی کے کچھ نہیں رہ گیا مشرق وسطیٰ پر جنگ کے منڈلاتے بادلوں پر حسن نثار نے کہا کہ یہ جنگ نئے سال پر سپر پاور کا دنیا کیلئے یہ ایسا تحفہ ہے جو انہیں قبول کرنا پڑے گا، افسوس کی بات ہے کہ 2020ء میں بھی کیسی قیادتوں کے ہاتھوں بنی نوع انسان کا مقدر ہے، ایک طرف مودی اور دوسری طرف ٹرمپ جیسے لوگ ہیں، دعا ہے پاکستان ان حالات میں اپنا توازن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ حسن نثار کا کہنا تھاکہ سانحہ پی آئی سی رپورٹ حکومت کی مجبوری بھی ہے کیونکہ وہ وکلاء اور ڈاکٹر برادری کا کچھ بگاڑ نہیں سکتی۔گیس بلوں میں وصول کی گئی اضافی رقم کی واپسی پر کہا کہ حکومتوں کا لوگوں کو پیسے واپس کرنا ایسے ہی جیسے چیل اپنے گھونسلوں سے ماس نکال کر واپس کردے۔نیب قوانین میں ترامیم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حسن نثار نے کہا کہ نیب بنیادی طور پر بڑے مگرمچھوں کیلئے ہی بنی تھی، اگر پچاس کروڑ سے نیچے کی کرپشن پر بھی نیب نے کارروائی کرنی ہے تو باقیوں نے کیا کرنا ہے، وفاقی حکومت گرانے کیلئے ایم کیو ایم کو بلاول کی پیشکش فرسٹریشن ظاہر کرتی ہے۔
تازہ ترین