مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کیمپ جیل میں آتشزدگی کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والوں کی جیل میں آتشزدگی پریشانی اور فکر کی بات ہے ۔
شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فواد حسن فواد کے کمرے کے باہر آگ بھڑک اٹھنے پرتشویش اور خواجہ سعد رفیق کے زخمی ہونے پر دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد حسن فواد سمیت سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے دیگر تمام قیدیوں کی جرات قابل ستائش ہے، جیل کے دیگر تمام قیدیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جائے ۔
شہباز شریف نے آتشزدگی کے واقعے پر کہا کہ اللہ کا شکر ہے بڑا نقصان نہیں ہوا، انہوں نے حکام سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔
واضح رہے کہ لاہور کیمپ جیل میں شارٹ سرکٹ کے باعث نیب کی بیرک میں آگ لگ گئی تھی جس کے دوران ایمرجنسی فون کال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق سر پر چوٹ لگنے سے معمولی زخمی بھی ہوئے جس کے بعد انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔