• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی ظفر کےگانے ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ نے نیا ریکارڈ بنا لیا


معروف گلوکار علی ظفر اور بلوچستان کی 12 سالہ عروج فاطمہ کے بلوچی گانے ’ لیلیٰ او لیلیٰ‘ نے نیا ریکارڈ قائم کرلیا۔

گزشتہ سال معروف گلوکار علی ظفر نے پاکستان کے صوبے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی 12 سالہ عروج فاطمہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے اُن کے ساتھ بلوچی گانا ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ ریکارڈ کیا تھا جس کی ویڈیو گزشتہ سال 11 اکتوبر کو یوٹیوب پر جاری کی گئی تھی۔

گلوکار علی ظفر اور گلوکار عروج فاطمہ کے اِس گانے کو لوگوں نے بہت پسند کیا تھا اور اب اِس گانے نے نیا ریکارڈ قائم کرلیا ہے، دو روز قبل علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گانے ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو خوشخبری دی۔

علی ظفر نے لکھا کہ ’ یہ دیکھ کر بہت حیرت اور خوشی ہوئی ہے کہ ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ گانے کو یوٹیوب پر اب تک 10 ملین سے زائد یعنی 1 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چُکا ہے۔‘

اِس کے علاوہ علی ظفر نے انسٹاگرام پر گانے ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آپ سب کا شکریہ کہ آپ لوگوں نے ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ کو اتنا زیادہ پسند کیا۔‘


اُنہوں نےاپنی پوسٹ میں عروج فاطمہ کو مخاطب کرتے ہوئے اُن کو مبارکباد بھی دی۔

واضح رہے کہ 12 سالہ عروج فاطمہ نے اپنی خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ گلوکار علی ظفر کے ساتھ گلوکاری کرنا چاہتی ہیں، علی ظفر نے عروج فاطمہ کی یہ خواہش پوری کرتے ہوئے اُن کے ساتھ بلوچی گانا ’لیلیٰ او لیلیٰ‘ ریکارڈ کروایا تھا جس کو لوگوں نے بہت زیادہ پسند کیا۔

تازہ ترین