• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز احمد کے انڈر-19 ٹیم کو مفید مشورے


وکٹ کیپر بیٹسمین اور قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سرفراز نے نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورے بھی دیے۔

آئی سی سی انڈر-19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کے لیے قومی انڈر-19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جنوری سے این سی اے میں جاری ہے۔

9 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعد قومی انڈر-19 اسکواڈ 10 جنوری کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگا، جہاں میگا ایونٹ کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔

اس موقع پر سرفراز احمد نے کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے منتخب کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور یہ اسکواڈ ورلڈکپ جیتنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔

سرفراز احمد کے انڈر-19 ٹیم کو مفید مشورے
قومی کرکٹر اور سابق کپتان سرفراز احمد انڈر-19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورے دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان دو مرتبہ انڈر۔19 کرکٹ ورلڈکپ جیت چکا ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 2006 میں یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا، اُس وقت قومی انڈر-19  کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد نے کی تھی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کی قیادت میں پاکستان نے ایونٹ کےفائنل میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 38 رنز سے شکست دی تھی۔

کولمبو میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں قومی انڈر-19 کرکٹ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، اس کے باوجود سرفراز احمد کی شاندار قیادت اور فاسٹ بولرزکی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستان ٹیم نے بھارت کو محض 71 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔

تازہ ترین