• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی قوم دنیا کے غنڈوں کیخلاف متحد ہوگئی، آیت اللہ خامنہ ای

سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای ایرانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے


ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایرانی قوم آج دنیا کے غنڈوں کے خلاف متحد ہوگئی ہے۔

ایرانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی ایران کا بہادر سپوت تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا ایرانی نوجوان ماضی کی نسبت انقلاب پر زیادہ اور کامل یقین رکھتا ہے۔

سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی کو خطرات کا سامنا تھا مگر انہوں نے ہمیشہ دوسروں کی جان کی پروا کی۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ہم نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لے کر امریکا کے منہ پر تھپڑ مارا ہے لیکن صرف فوجی آپریشن کافی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے عراق بھی سعودی عرب کی طرح دودھ دینے والی گائے بن جائے، جنرل سلیمانی نے عراق اور شام میں امریکا کے منصوبوں کو ناکام بنایا۔

سپریم لیڈر نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنے دشمن اور اس کے منصوبوں کو پہنچانیں، ہمیں دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے خود کو سیاسی، سائنسی اور دفاعی میدان میں تیار کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دشمن امریکا اور یہودی ریاست ہے اور ہمیں انہیں پہچاننے میں کوئی غلطی نہیں کرنی چاہیے ۔

تازہ ترین