ریلوے وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کے ذریعے پاک افغان ٹریڈ سے نہ صرف اسمگلنگ کی روک تھام ہوگی بلکہ ریلوے کی آمدنی بھی بڑھے گی۔
شیخ رشید احمد نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اضا خیل ڈرائی پورٹ پشاور کے شہر نوشہرہ سے 8 کلومیٹر دور جی ٹی روڈ پر تعمیر کیا گیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کل اس کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 28 ایکڑ اراضی پر مشتمل اضاخیل ڈرائی پورٹ 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 12 ماہ میں مکمل ہوا ہے جہاں مال برداری کی نقل و حمل کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور اسے رنگ روڈ پشاور کے ساتھ براستہ سڑک بھی ملایا گیا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ کراچی بندرگاہ سے افغان سامان سیل شدہ کنٹینرز میں رکھ کر مال گاڑیوں کے ذریعے اضاخیل ڈرائی پورٹ تک لایا جائے گا، جہاں سے یہ کنٹینرز ٹرکوں کے ذریعے افغانستان پہنچائیں جائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں 10 ہزار ملازمین کی بھرتی کا سلسلہ جاری ہے جنہیں فروری تک تقرر نامے مل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اضاخیل ڈرائی پورٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کو ریلوے کے 4 ہزار کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی درخواست بھی کریں گے۔