• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا ملالہ یوسفزئی غیر منظم طالبہ ہیں؟


کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی لڑکی ملالہ یوسف زئی دنیا بھر میں اپنے سماجی کاموں کی وجہ سے شہرت رکھنے کے ساتھ ساتھ کئی اعزازات اور ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔

لیکن دوسری جانب وہ دیگر سستی کی حامل طالبات کی طرح ہی اپنی زندگی بسر کر رہی ہیں۔

ایک غیر ملکی ٹیبلائیڈ کی رپورٹ کے مطابق وہ ایک غیر منظم لڑکی ہیں۔

اپنی اس عادت کے بارے میں 22 سالہ طالبہ کہتی ہیں کہ وہ اکثر سو کر دیر سے اٹھتی ہیں جس کی وجہ سے ان کی کلاسز بھی چھوٹ جاتی ہیں جبکہ وہ اپنے اسائمنٹس جمع کروانے میں بھی دیری کردیتی ہیں۔

یوٹیوب اسٹار لِلی سنگھ سے بات چیت کرتے ہوئے ملالہ نے کہا کہ جب ان کے والدین آکسفورڈ میں ان سے ملنے کے لیے آتے ہیں تو وہ ان کے کمرے کی حالت دیکھ کر اپنے بال نوچنے لگ جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’میرے والدین مجھ سے ملنے آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ’کیا تم اپنا کمرے کو صاف ستھرا نہیں کر سکتیں؟ کیا تم اپنے بستر کی چادر تبدیل نہیں کر سکتیں؟ یہ سب کیا ہے؟‘

ملالہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کے کمرے کی حالت کو دیکھ کر اکثر کپڑوں اور جوتوں سے متعلق بھی سوالات شروع ہوجاتے ہیں۔

پاکستانی طالبہ نے کہا کہ ان کے والدین کہتے ہیں کہ ’کیا تم اپنے کپڑے اپنی الماری میں نہیں رکھ سکتی ہو؟ تمھارے جوتے زمین پر ایسے کیوں پڑے ہیں؟ کیا تم اپنے برتنوں کو نہیں دھو سکتیں؟‘

خیال رہے کہ اقوام متحدہ (یو این) کے ایک جائزے کے مطابق کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی اکیسویں صدی کی دوسری دہائی کی مقبول ترین نوجوان رہیں۔

جائزے میں لڑکیوں کی تعلیم کے سلسلے میں ملالہ کی کوششوں کا اعتراف کیا گیا جبکہ اس جائزے میں ملالہ پر قاتلانہ حملے سے لے کر عالمی اعزازت کے حصول تک کا ذکر کیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ معروف امریکی فیشن میگزین ’ٹین ووگ‘ نے ملالہ یوسف زئی کو اپنے میگزین کے سر ورق کی زینت بناتے ہوئے انہیں سال 2019 اور 2010 کی دہائی کی بہترین نوجوان قرار دیا تھا۔

تازہ ترین
تازہ ترین