• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

قومی اسمبلی، جھوٹے پر اللّٰه کا قہر، شہریار آفریدی اور رانا ثناء دونوں نے قرآن اٹھا لیا

قومی اسمبلی میں شہریار آفریدی اور رانا ثناء نے قرآن اٹھا لیا


اسلام آباد(نمائندہ جنگ،آئی این پی) قومی اسمبلی میں وزیر مملکت انسداد منشیات شہریار آفریدی اور لیگی رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے اپنے آپ کو سچا ثابت کرنے کیلئے قرآن مجید اٹھا لیا، شہریار آفریدی نے ایوان میں کھڑے ہوکر کہا کہ اگر رانا ثناءاللّٰہ کیخلاف میں نے یا وزیر اعظم عمران خان نے سازش کی ہو تو ہمارے اوپر اللّٰہ کا عذاب اور قہر نازل ہو، رانا ثناءیہاں قرآن اٹھانے کی بجائے ٹرائل ہونے دیں‘ مرد کی طرح عدالت میں مقابلہ کریں ، حق اور سچ سامنے آجائیگا۔

لیگی رہنمارانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ جب تفتیش ہی نہیں ہوئی تو مقدمہ کیسا، تھانے میں مجھ سے برآمدگی تو دور کی بات ہے تفتیشی افسر نے بات تک نہیں کی، جب مجھے عدالت میں پیش کیا گیا تو اس وقت پتا چلا کہ مجھ سے ہیروئن برآمد ہوئی ہے ، اے این ایف حکام نے کہا کہ ہمیں اوپر سے آرڈر ہے ، ٹرائل سے پہلے تفتیش ہوتی ہے۔

یہ یہاں کھڑے ہو کر قسم کھائیں کہ اللّٰہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر میں یہ کہتا ہوں کہ اگر میں جھوٹ بولوں تو اللّٰہ کا عذاب اور قہر مجھ پر نازل ہو ،اس کے بعد میرے اور شہر یار آفریدی کے درمیان فیصلہ اللّٰہ تعالیٰ کی ذات کر دےگی۔

اس دوران خواجہ آصف نے اسمبلی اسٹاف سے کہہ کر قرآن پاک منگوا لیا اور رانا ثناءاللّٰہ کے ہاتھ میں تھما دیا ، چیئرمین سید فخر امام نے کہا کہ یہ معاملہ ختم کریں اب عدالت اسکا فیصلہ کرے گی یہاں قرآن پر فیصلہ نہیں ہوگا ، اس دوران وزیر مملکت انسداد منشیات شہریار آفریدی اپنی نشست سے اٹھے اور رانا ثناءاللّٰہ کے پاس چلے گئے اور ان کے ہاتھ سے قرآن پاک لے لیا اور اپنی نشست پر آگئے۔

شہریار آفریدی نے قرآن پاک ہاتھ میں اٹھا کر بات کرنا چاہی تو چیئرمین سید فخر امام نے اجلاس کی کارروائی دس منٹ کے لئے ملتوی کردی۔

بعدازاں شہریارآفریدی نے کہا کہ اللّٰہ کو حاضر ناظر رکھ کر کہتا ہوں رانا ثناءاللّٰہ کے خلاف نہ میں نے اور نہ ہی وزیراعظم نے کوئی سازش کی ، اگر کی ہوتو اللّٰہ کا قہر نازل ہو، اس کے ساتھ ہی اجلاس بدھ کو دن گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں شہریار خان آفریدی نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں نشہ پھیلایا جارہا ہے، اس کو پھیلانے والوں کے سہولت کار ایوانوں میں بھی تھے،اگر رانا ثناء اللّٰہ اتنے ہی اللّٰہ کے اور رسول کے عاشق ہیں تو وہ ٹرائل سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔

رانا ثناء اللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہریار آفریدی کی بات سے یہ واضح ہوا ہے کہ سازش ہوئی ہے، حکومت کے اوپر فرض ہے پارلیمانی کمیشن بنائے، سچ اور جھوٹ کا فیصلہ ہونا چاہیے، سازش کو بے نقاب کرنا حکومت کا فرض ہے۔

تازہ ترین